آسام: ہسپتال میں نہیں تھا کوئی ڈاکٹر، خاتون نے گاڑی میں دیا بچے کو جنم
نئی دہلی،یکم اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) آسام میں ایک بار پھر ڈاکٹروں کی غفلت کا واقعہ سامنے آیا ہے۔اس بار بھی مریض نے ڈاکٹروں کی غفلت کی قیمت چکائی ہے۔یہاں ایک حاملہ عورت کو اسپتال میں ڈاکٹر نہ ہونے کے سبب گاڑی میں بچے کو جنم دینا پڑا۔واقعہ آسام کے بکسا ضلع کا ہے۔اہل خانہ حاملہ خاتون کو اتترکچی گاؤں سے گاڑی میں سرکاری ہسپتال لے کر گئے تھے۔اہل خانہ نے بتایا کہ انہوں نے کئی بار 108 سروس پر فون کیا تھا، لیکن اس پر کوئی رد عمل نہیں آیا۔حاملہ خاتون کو لے کر جب خاندان والے ہسپتال پہنچے تو دیکھا وہاں کوئی ڈاکٹر نہیں تھا،ہسپتال بھی بند تھا،درد زہ بڑھنے کے بعد حاملہ نے گاڑی میں ہی بچے کو جنم دے دیا،کچھ مقامی لوگوں نے تالا توڑکر ہسپتال گیٹ کھولا اور نرس کو اس کی اطلاع دی۔اس کے بعد نرس موقع پر پہنچی اور اس نے ابتدائی علاج شروع کیا۔اس معاملے پر بات کرتے ہوئے نرس نے کہا کہ خاتون نے پرائیویٹ گاڑی میں بچے کو جنم دیا۔اس کے بعد اے ایس ایچ اے ملازمین نے مجھے اس بارے میں مطلع کیا کہ ہسپتال بند ہے،ڈاکٹر بھی موجود نہیں تھے،میں جلد ہسپتال پہنچی اور ابتدائی علاج شروع کیا۔