نئی دہلی،19 /جنوری(آئی این ایس انڈیا) ملک میں 2014 سے 2018 کے درمیان پانچ سال میں خودکشی اور حادثات کی وجہ سے مرکزی مسلح پولیس فورس (سی اے پی ایف) کے قریب 2,200 جوانوں کی موت ہوئی ہے۔
نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (این آر سی بی) کے اعداد و شمار کے مطابق 2018 میں حادثوں میں سی اے پی ایف کے 104 جوانوں کی موت ہوئی، جبکہ 28 لوگوں نے خود کشی کر لی۔اس سال کل 132 لوگوں کی موت ہوئی۔بیورو نے 2014 میں پہلی بار سی اے پی ایف سے متعلق اعداد و شمار جمع کیا تھا۔اس سال حادثے کی وجہ سے 1,232 جوانوں کی موت ہوئی تھی اور 175 لوگوں نے خود کشی کی تھی۔
بیورو نے بتایا کہ حادثے کی وجہ سے 2015، 2016 اور 2017 میں بالترتیب 193، 260 اور 113 اہلکاروں کی موت ہوئی، جبکہ 2015 میں 60، 2016 میں 74 اور 2017 میں 60 لوگوں نے خود کشی کی۔اعداد و شمار کے مطابق 2014 سے 2018 کے درمیان حادثوں میں 1,902 اور خودکشی کی وجہ سے 397 جوانوں کی موت ہوئی، یعنی کل 2,199 جوان مارے گئے۔
این آر سی بی نے سرحدی سیکورٹی فورس، مرکزی ریزرو پولیس فورس، مرکزی صنعتی سیکورٹی فورس، ہندوستان تبت سرحدی پولیس، مسلح سرحدی فورس کے علاوہ آسام رائفلز اور قومی سیکورٹی گارڈز کے اعداد و شمار کو شامل کیا ہے۔این آر سی بی کی تازہ رپورٹ کے مطابق یکم جنوری 2018 کو سی اے پی ایف کے جوانوں کی حقیقی تعداد9,29,289تھی۔این سی آر بی کے مطابق سی اے پی ایف کے جوانوں کی حادثے میں ہوئی موت کی وجوہات کا اگر تجزیہ کیا جائے تو پتہ چلتا ہے کہ 2018 میں 31.7 فیصد (104 میں سے 33 افراد) موت مہم یا تصادم یا کارروائی کے دوران ہوئیں۔اس کے بعد 21.2 فیصد (22 جوانوں) کی موت دیگر وجوہات سے ہوئی۔سڑک اور ریل حادثوں کی وجہ سے ان میں سے 20.2 فیصد جوانوں کی جانیں گئیں۔