کاروار میں غیر ملکی کرنسی کے ساتھ 2لوگوں کی گرفتاری کا معاملہ: بھٹکل میں دوگھروں پر پولیس کا چھاپہ اور تلاشی

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 15th November 2019, 8:11 PM | ساحلی خبریں |

بھٹکل 15/نومبر (ایس او نیوز) گوا سے کسی بھی قسم کے قانونی دستاویز کے بغیر بھاری مقدار میں غیر ملکی کرنسی کرناٹک میں لانے کے دوران کاروار بس اسٹانڈ سے 2ملزمین کو تین دن قبل گرفتار کیا گیا تھا۔اس سے متعلقہ تحقیقات کے ضمن میں کاروار اور بھٹکل پولیس کی ٹیم نے مشترکہ طورپر جمعرات کی شب میں بھٹکل کے دو مکانات پر چھاپے اور تلاشی مہم چلائی۔

 بتایا جاتا ہے کہ کاروار ڈی وائی ایس پی شنکر مریہال اور بھٹکل اے ایس پی نکھل بی کی قیادت میں 6موٹر گاڑیوں میں آنے والی30سے زیادہ پولیس عملے کی ٹیم نے پہلے نوائط کالونی کے ایک گھر پرشام 6بجے کے قریب چھاپہ مارنے کی کوشش کی۔ یہ مکان کارگو کا کاروبار کرنے والے ایک شخص کی ملکیت بتایا جاتا ہے۔ لیکن گھر کا درواز ہ اندر سے بندرہنے کی وجہ سے پولیس گھر کے کمپاؤنڈ سے آگے بڑھ نہیں پائی۔ تقریباً پون گھنٹہ تک کمپاؤنڈ میں انتظار کرنے کے بعد پولیس نے وہاں سے نکل کر مدینہ کالونی کے ایک مکا ن پر چھاپہ مارا۔یہاں پر مکان کو اندر سے مقفل پاکر پولیس الجھن کا شکار ہوگئی۔اس کے کچھ ہی دیر بعد دونوں مکانوں کے دروازے کھلواکر اندر داخل ہونے اور وہاں پر تلاشی لینے میں پولیس کو کامیابی ملی۔

 پولیس کا کہنا ہے کہ غیرملکی کرنسی کے ساتھ کاروار میں گرفتار کیے گئے بھٹکل کی رہنے والے محمد سراج خطال چنّا اورعبدالنذیرجلال الدین خطیب سے پوچھ تاچھ کے دوران جو معلومات ملی ہیں اس کی تحقیقات کے لئے یہ چھاپے مارے گئے تھے۔ خبر ہے کہ بیرونی ممالک سے مختلف قسم کی چیزیں کارگو کے ذریعے بھٹکل لائی جاتی ہیں جس کے لئے بڑی مقدار میں غیر ملکی کرنسی کا بھی غیر قانونی کاروبار چل پڑا ہے، اور دو تین دن قبل گرفتار کیے گئے افراد سے پولیس کو اسی قسم کی جانکاری ملی ہے۔

 بھٹکل اے ایس پی نکھل نے بتایا کہ تحقیقات چل رہی ہیں۔ تاہم ابھی تک چھاپہ ماری کے دوران کسی بھی مکان سے کوئی بھی غیر قانونی چیز ہمارے ہاتھ نہیں لگی ہے۔ہمیں جو کچھ معلومات ملی تھیں اُسی  کے پس منظر ہم نے تلاشیاں لی ہیں۔تحقیقات پوری ہونے کے بعد ہی اس کی تفصیلات ظاہر کی جاسکیں گی۔

 دوسری طرف یہ بھی پتہ چلا ہے کہ کاروار شہری تھانے میں درج کیس کے مطابق گرفتار کیے گئے ملزمین کے پاس سے جو امریکی ڈالرز، یورو، پاؤنڈز وغیرہ کی شکل میں غیر ملکی کرنسی بر آمد ہوئی تھی اس کی مجموعی مالیت 91,32,879روپے ہے۔ اس معاملے کی تحقیقات کے لئے پولیس نے کئی ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ ان میں سے ایک ٹیم بھٹکل میں تحقیقات کررہی ہے تو دوسری ٹیم کو گوا میں تحقیقات کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔

ایک نظر اس پر بھی

منگلورو سائی مندر کے پاس بی جے پی کی تشہیر - بھکتوں نے جتایا اعتراض

منگلورو کے اوروا میں چیلمبی سائی مندر کے پاس رام نومی کے موقع پر جب بی جے پی والوں نے پارلیمانی انتخاب کی تشہیر شروع کی تو وہاں پر موجود سیکڑوں بھکتوں نے اس کے خلاف آواز اٹھائی جس کے بعد بی جے پی اور کانگریسی کارکنان کے علاوہ عام بھکتوں کے درمیان زبانی جھڑپ ہوئی