ٹی وی اینکر ارنب گوسوامی کا کابل کے سرینا ہوٹل میں آئی ایس آئی اہلکاروں کی موجودگی کا غلط دعویٰ؛ سچائی سامنے آنے کے بعد اُٹھانی پڑی شرمندگی
نئی دہلی 21؍ستمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی)ریپبلک ٹی وی کے شعلہ بیان اینکر ارنب گوسوامی کو اُس وقت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب ارنب نے اپنے ڈبیٹ پروگرام میں پاکستان کی حکمران جماعت تحریک انصاف کے بانی رکن اور ترجمان عبدالصمد یعقوب کے سامنے دعویٰ کیا کہ پاکستان کی آئی ایس آئی کے اہلکار کابل کے سرینا ہوٹل کی پانچویں منزل پر رکے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ ان کے پاس باوثوق ذرائع سے ایسی اطلاع ملی ہے، ارنب نے اس تعلق سے عبدالصمد سے جاننا چاہا کہ اس خبر پر ان کا کیا موقف ہے۔
ارنب نے متعدد بار اپنے دعوؤں کو دھرایا اور پاکستانی مہمان کو زیر تاب لانے کے لیے انھیں چیلنج بھی کیا: ارنب نے کہا کہ ’میرے ذرائع کی فکر نہ کریں۔۔۔ اگر آپ چاہیں تو میں ان کا کمرہ نمبر بھی بتا سکتا ہوں۔۔۔ انھوں نے کھانے میں کیا کھایا، یہ بھی بتا سکتا ہوں۔‘
اس روز تو بات آئی گئی ہو گئی، تاہم اگلے پروگرام پر عبدالصمد یعقوب جب ان کے پروگرام میں واپس آئے اور ارنب کے دعوؤں کو دہرایا۔ ’آپ نے یہی کہا تھا نہ کہ آئی ایس آئئ کے اہلکار سرینا ہوٹل کی پانچویں منزل پر رکے ہیں؟ میرے ذرائع کے مطابق کابل کے سرینا ہوٹل کی صرف دو منزلیں ہیں۔ تیسری، چوتھی اور پانچویں منزل ہیں ہی نہیں۔‘ یہ سن کر ایک لمحے کے لیے ارنب کا رنگ ماند پڑ گیا اور چہرے پر شکن نمودار ہوئی۔ پھر ان کے چہرے پر ایک مسکراہٹ آئی اور انھوں نے بات ٹالنے کی کوشش کی۔ لیکن جو ہونا تھا وہ ہو چکا تھا۔ ان دونوں پروگراموں سے لیے گئے ویڈیو کلپ جنگل کی آگ کی طرح سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور صارفین کی طرف سے سوشیل میڈیا پر اس وڈیو کو لے کر دلچسپ اور مزاحیہ تبصرے دیکھنے کو ملے۔
سوشیل میڈیا پر تبصرہ پیش کرتے ہوئے ایک شخص نے یہ کہہ کر مذاق اُڑایا کہ ارنب کے دعوے کے بعد سرینا ہوٹل نے پانچویں منزل کی تعمیر شروع کر دی ہے۔