راشٹرپتی بھون میں تعینات جوان نے کی خودکشی
نئی دہلی،09/ستمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) راشٹرپتی بھون کی بیرک میں فوج کے ایک جوان نے خودکشی کرلی ہے۔ پولیس عہدیداروں نے بدھ کے روز یہ اطلاع دی۔
یہ جوان گورکھا رائفلز میں ملازم تھا اور وہ نیتاپ کے ضلع تخیان کا رہنے والاتھا۔ دہلی پولیس کے مطابق بدھ کی صبح تقریبا 4 بجے مجھے فون آیا کہ 38 سالہ تیج بہادر تھاپا بیرک کے اندر پنکھے سے لٹکے ہوئے پائے گئے ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ساؤتھ ایونیو پولیس اسٹیشن کے افسران موقع پر پہنچ گئے اور جوان کو آرمی اسپتال لے گئے لیکن ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔
رپورٹ کے مطابق تیج بہادر تھاپا بیماریوں سے دوچار تھے۔ ا ن کی پیٹھ میں درد رہتا تھا۔ایک عینی شاہد نے بتایا کہ جب وہ صبح تقریباً3.30 بجے ڈیوٹی سے واپس آیا اور لائٹ جلائی تو اس نے تیج بہادر کو پنکھے سے لٹکا ہوا دیکھا۔
اس نے خطرے کا الارم جلایا اور ساتھیوں کی مدد سے اس کی رسی کاٹ دی اور اسے آرمی بیس اسپتال لے جایا گیا۔ تب تک پولیس بھی وہاں پہنچ چکی تھی۔ ڈاکٹروں نے اسے اسپتال میں مردہ قرار دیا۔
نئی دہلی کے ایڈیشنل ڈی سی پی دیپک یادو نے بتایا کہ ابھی تک خودکشی کی وجہ کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔ اور کوئی سوسائڈ نوٹ نہیں ملا ہے اور معاملے کی چھان بین کی جارہی ہے۔ تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ متوفی جوان کو ہائی بلڈ پریشر کی شکایت بھی تھی۔