منگلورو میں فرسٹ نیورو سے رابطے والی ایک اور خاتون نکلیں کووِڈپوزیٹیو۔ مینگلور میں ایک اورمریضہ ہوئی فوت۔ یہ بھی تھی فرسٹ نیورو میں زیرعلاج
منگلورو13/مئی (ایس او نیوز) منگلورو کے سومیشور سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کی جانچ رپورٹ آج بدھ کو پوزیٹیو آنے کے بعد فرسٹ نیورو اسپتال کی وجہ سے کووِڈ 19کے مریضوں کی تعداد میں مزید اضا فہ ہوگیا ہے۔
اطلاع کے مطابق مذکورہ خاتون فرسٹ نیورو اسپتال میں زیر علاج اپنی بیٹی کو دیکھنے کے لئے گئی تھیں۔ بتایا گیا ہے کہ اس کو اسپتال میں زیرعلاج کولشیکر کی رہنے والی ایک 80سالہ خاتون مریض نمبر 507سے رابطے کی وجہ سے یہ مرض لاحق ہوگیا ہے۔ کولشیکر کی رہنے والی مذکورہ خاتون کی جانچ رپورٹ 27اپریل کو پوزیٹیو نکلی تھی۔اب تازہ معاملہ سامنے آنے کے بعد سومیشور کے قریب ڈارنڈا باگیلو نامی علاقے کو افسران پوری طرح سیل ڈاؤن کرنے کی تیاری کررہے ہیں۔
اسی طرح جنوبی کینرا میں آج 13مئی کو کووِڈ سے متاثرہ ایک اور خاتون کی موت واقع ہوگئی ہے جس سے اب تک ضلع میں اس وباء سے مرنے والوں کی تعداد 4 ہوگئی ہے۔آج موت کا شکار ہونے والی 58سالہ خاتون کا تعلق بولور سے ہے۔ 28/اپریل کو اسے وینلاک اسپتال میں داخل کیا گیا تھا اور اس کے بعداس کی رپورٹ پوزیٹیو نکلی تھی۔
پچھلے کچھ دنوں سے مبینہ طور پر اس کی حالت سنگین ہوگئی تھی اور اسے آئی سی یو میں منتقل کرکے وینٹی لیٹر پر رکھاگیا تھا۔ معلوم ہواہے کہ اس خاتون کو پچھلے دنوں دماغ سے متعلقہ مرض کے لئے فرسٹ نیورو اسپتال میں زیر علاج رکھا گیا تھا۔اس دوران اسپتال میں خاکروب کی ڈیوٹی انجام دینے والے مریض نمبر 501کے ساتھ رابطے میں آنے سے مبینہ طور پر اس خاتون کو بھی مرض لاحق ہوگیا تھا۔
فی الحال ضلع جنوبی کینرا میں جملہ 16مریض زیر علاج ہیں۔ متاثر ہونے والے جملہ 34معاملات میں سے 4کی موت واقع ہوگئی ہے جبکہ 14 مریض صحت یاب ہوکر گھر لوٹ گئے ہیں۔