انکولہ : شیرور کے پاس گنگاولی ندی میں بازیافت ہوئی مزید انسانی ہڈیاں
انکولہ یکم / اکتوبر (ایس او نیوز) تعلقہ کے شیرور میں جہاں جولائی کے مہینے میں چٹان کھسکنے کے المناک حادثے میں گم شدہ افراد کی تلاش جاری ہے وہاں گنگاولی میں ندی میں ڈریجنگ کے دوران کچھ انسانی ہڈیاں بازیافت ہوئی ہیں ۔
ڈریجنگ مشین کے ذریعے ندی کی تہہ سے مٹی نکالنے اور وہاں گم شدہ افراد کے باقیات تلاش کرنے کی مہم گزشتہ دس دنوں سے جاری ہے ۔ اس سے قبل گم شدہ بھارت بینز لاری کے علاوہ اس کے ڈرائیور ارجن کی باقیات ندی سے نکالی جا چکی ہیں ۔ اب جگن ناتھ اور لوکیش نامی لا پتہ افراد کی لاشیں تلاش کرنے کا کام جاری ہے ۔
اس دوران اب جو ہاتھ اور سینے کی ہڈیاں ندی سے برآمد ہوئی ہیں، اس کا ڈی این اے ٹیسٹ کروایا جائے گا تاکہ یہ پتہ چلایا جا سکے کہ جگن ناتھ یا لوکیش میں سے یہ کس کی ہڈیاں ہیں ۔ یا پھر اس سے پہلے تملناڈو کے گیس ٹینکر ڈرائیور کی جو صرف ٹانگ بازیافت ہوئی تھی ، یہ ہڈیاں بھی اسی کی ہیں ؟