بمبئی ہائی کورٹ کا عیدالاضحیٰ کے موقع پر رہائشی احاطوں میں قربانی کی اجازت دینے سے انکار؛ ممبئی کے مسلمان پریشان

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 8th August 2019, 9:22 PM | ملکی خبریں |

ممبئی 8/اگست (ایس او نیوز/ایجنسی) بمبئی ہائی کورٹ نے منگل کے روز ایک عرضی پر سماعت کرتے ہوئے عیدالاضحیٰ کے موقع پر رہائشی احاطوں میں قربانی کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے، جس کے ساتھ ہی ممبئی میں قربانی پر تلوار لٹک گئی ہے اور مسلم طبقہ سخت پریشان ہے۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق جسٹس ایس سی دھرمادھیکاری اور جسٹس جی ایس پٹیل کی ایک بنچ نے جانوروں کو ذبح کرنے پر  پابندی عائد کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ہائی کورٹ نے حالانکہ  قربانی پر پوری طرح سے پابندی  نہیں لگائی، لیکن جو متبادل انھوں نے پیش کیا ہے، اس سے مسلم طبقہ  کے لیے کافی پریشانیاں کھڑی ہو گئی ہیں۔ ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ پرائیویٹ فلیٹس اور ہاؤسنگ سوسائٹیز میں جانوروں کا ذبیحہ نہیں ہو سکتا۔ عدالت نے ممبئی میں جانوروں کو غیر قانونی طریقے سے اِدھر اُدھر لے جانے پر بھی پابندی عائد کر دی۔ ہائی کورٹ کا کہنا ہے کہ ہر انٹری پوائنٹس کو چیک کیا جائے اور آر ٹی او اسے لے کر ورکشاپ منعقد کریں۔

خیال رہے کہ 12 اگست کو پورے ہندوستان میں عید قرباں منایا جارہا ہے جس کےموقع پر  مسلمان  سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانیاں بھی دیں گے، لیکن ممبئی ہائی کورٹ  کے اس  فیصلے نے مسلمانوں کو تذبذب میں ڈال دیا ہے۔ ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے اس بار عیدالاضحیٰ پر ان کے گھروں میں خوشیاں اس طرح نہیں جھومیں گی جس طرح گزشتہ سالوں میں بقرعید کے موقع پر جھومتی تھیں۔

ذرائع نے بتایا کہ  این جی او ’جیو میتری ٹرسٹ‘ اور ’ونیوگ پریوار‘ نے بمبئی ہائی کورٹ میں عرضی داخل کرتے ہوئے  کہا تھا کہ جانوروں کے غیر قانونی ذبیحہ پر پابندی عائد کی جائے کیونکہ اس کی وجہ سے صاف صفائی رکھنے میں پریشانی ہوتی ہے۔ عرضی گزار کے مطابق اگر گھروں میں جانوروں کو مارنے کی اجازت دی گئی تو گندگی پر قابو پانا مشکل ہو جائے گا، اس لیے اس کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اسی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے عدالتی بنچ نے گھروں میں قربانی نہ کرنے کی ہدایت دی۔ ساتھ ہی عدالت نے یہ بھی کہا کہ سوسائٹیز کے ایک کلو میٹر کے دائرے میں بھی جانوروں کی قربانی نہیں دی جائے گی۔

میڈیا سے ملی اطلاع کے مطابق عرضی گزار این جی او نے جانوروں کے ذبح کیے جانے پر گندگی پھیلنے کا خدشہ تو ظاہر کیا ہے، ساتھ ہی ماحولیات پر برا اثر پڑنے کا بھی حوالہ دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کئی بیمار جانوروں کو شہر میں ذبیحہ کے مقصد سے لایا جا رہا ہے جن سے بیماریاں پھیل سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ این جی او نے ممبئی کے چال (جھگی جھونپڑی والے علاقے) میں مختلف مذاہب سے منسلک لوگوں کے رہنے کا حوالہ بھی پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ یہاں الگ الگ طرح کا عقیدہ رکھنے والے لوگ رہتے ہیں، جنھیں جانوروں کو گھروں میں ذبح کرنے سے پریشانی ہوگی۔

بہر حال، عدالت نے اپنے فیصلے میں یہ ضرور کہا کہ قربانی یا جانوروں کے ذبیحہ پر پوری پابندی نہیں ہوگی بلکہ اس کے لیے طے شدہ مقامات ہوں گے تاکہ کسی طرح کی پریشانی نہ ہو۔ طے شدہ مقامات کے بارے میں عدالت نے بتایا کہ جانوروں کا ذبیحہ ایسی جگہ پر ہو جہاں صاف صفائی کا اچھا انتظام ہو۔ ساتھ ہی اس کے لیے بی ایم سی کی اجازت لینا بھی لازمی ہوگا۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ بی ایم سی نے بقرعید کے پیش نظر 7 ہزار پرمٹس جاری کیے تھے لیکن عدالتی حکم کے بعد یہ پرمٹس غیر قانونی ہو گئے ہیں۔ اس سے واضح ہے کہ صرف لائسنس یافتہ بوچڑ خانوں میں قربا نی کا جانور ذبح کیا جا سکے گا یا پھر ایسے بازاروں میں جہاں ’نان ویج‘ کی اجازت ہو۔

واضح رہے کہ دہلی میں این جی ٹی (نیشنل گرین ٹریبونل) نے عید قرباں کے پیش نظر ہدایت دی ہے کہ گندگی کسی بھی حال میں جمنا میں نہ جانے پائے، لیکن قربانی پر کسی طرح کی پابندی دہلی میں نہیں ہے۔ کئی ریاستوں میں صاف صفائی رکھنے اور ماحولیات پر منفی اثر پڑنے سے بچانے کے لیے کچھ ہدایات ضرور جاری کیے گئے ہیں، لیکن ہائی کورٹ نے ممبئی میں جس طرح کی پابندی عائد کی ہے، اس سے اقلیتی طبقہ کا پریشان ہونا فطری ہے۔

ایک نظر اس پر بھی

ممبئی میں ڈی آر آئی کی بڑی کارروائی، 10 کروڑ روپئے کا غیر ملکی سونا ضبط، چار گرفتار

ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) نے ممبئی میں سونے کی اسمگلنگ کے ایک بڑے ریکیٹ کا پردہ فاش کیا ہے۔ ایک سرچ آپریشن کے دوران ڈی آر آئی نے 10.48 کروڑ روپئے کا سونا، چاندی، نقدی اور کئی مہنگے سامان ضبط کیے ہیں جبکہ دو افریقی شہریوں کے ساتھ چار لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔

کانگریس کے منشور سے مودی گھبرا گئے ہیں، ذات پر مبنی مردم شماری کو کوئی طاقت نہیں روک سکتی: راہل گاندھی

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے دہلی کے جواہر بھون میں ’ساماجک نیائے سمیلن‘ سے خطاب کیا۔ اس خطاب میں انہوں نے پی ایم مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ خود کو ’دیش بھکت‘ کہتے ہیں وہ 90 فیصد لوگوں کے لیے ’نیائے‘ (انصاف) کو یقینی بنانے والی ذات ...

اجیت پوار اور ان کی اہلیہ کو مہاراشٹر اسٹیٹ کوآپریٹو بینک گھوٹالہ کیس میں ’کلین چٹ‘ مل گئی

 مہاراشٹر کے ڈپٹی سی ایم اجیت پوار اور ان کی اہلیہ سنیترا کو بڑی راحت ملی ہے۔ اقتصادی جرائم ونگ نے مہاراشٹر اسٹیٹ کوآپریٹیو بینک گھوٹالے میں ان دونوں کو کلین چٹ دے دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ان کے بھتیجے روہت پوار سے وابستہ کمپنیوں کو بھی کلین چٹ دے دی گئی ہے۔

ای وی ایم-وی وی پیٹ معاملہ: ’ڈیٹا کتنے دنوں تک محفوظ رکھتے ہیں‘؟ الیکشن کمیشن سے سپریم کورٹ کا سوال

ای وی ایم- وی وی پیٹ معاملے پر سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن سے مزید وضاحت طلب کی ہے۔ ان وضاحتوں پر عدالت نے الیکشن کمیشن کے عہدیدار سے دوپہر 2 بجے تک جواب دینے کے لیے کہا ہے۔ سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن سے دریافت کیا کہ مائیکرو کنٹرولر کنٹرول یونٹ میں ہے یا وی وی ...

کانگریس و دیگر اپوزیشن پارٹیوں کی شکایت کے بعد الیکشن کمیشن کا پی ایم مودی کے بیان کی جانچ کا اعلان

راجستھان کے بانسواڑہ میں پی ایم مودی کے مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیان پر ملک و بیرونِ ملک ہو رہی شدید تنقید کے بعد الیکشن کمیشن نے اس کے جانچ کا اعلان کیا ہے۔ الیکشن کمیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی تقریر سے متعلق شکایت موصول ہوئی ہیں اور وہ شکایات کمیشن کے زیر غور ہیں۔ ...