چکمگلورو23/فروری(ایس او نیوز) سی اے اے،این آر سی اور این پی آر کے خلاف بنگلور کے فریڈم پارک میں مختلف تنظیموں کی جانب سے منعقد پروگرام کے دوران پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگانے والی طالبہ امولیہ لیونا کے چکمگلورو ضلع کوپہ میں واقع اس کے گھر پر سنگھ پریوار کے کارکنوں نے حملہ کیا۔
اطلاع کے مطابق سنگھ پریوار کے تقریباً 25/ کارکنوں کے ایک گروہ نے کوپہ تعلقہ کے شیوپور گاؤں میں امولیہ کے والد واجی نورونہا کے گھر پر پتھراؤ کیا جس کی وجہ سے گھر کے شیشے ٹوٹ گئے۔ پتھراؤ کے وقت امولیہ کے والدین گھر کے اندر ہی موجود تھے اور خوف کی وجہ سے باہر نہیں آئے۔ لیکن سنگھ پریوار کے کارکن زبردستی گھر کے اندرداخل ہوئے اور نورونہا سے بھارت ماتا کی جئے کہلوایا اور ان سے یہ وعدہ لیا کہ امولیہ کی ضمانت وہ نہیں کرائیں گے اورریکارڈنگ بھی کی۔
اطلاع ملتے ہی کوپہ کے ڈی وائی ایس پی اور سب انسپکٹر شیوپور پہنچے اور نورونہا سے تفصیل حاصل کی، ان کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے گھر پر پولیس کو تعینات کیا ہے۔ امولیہ کے خلاف چکمگلورشہر کے علاوہ شرنگیری کوپہ،نرسمہا راجا پورہ ودیگرشہروں میں احتجاج کیاگیا۔