نصابی کتابوں سے ٹیپوسلطان کا سبق ہٹایا نہیں جائے گا: ریاستی وزیر تعلیم سریش کمار
بنگلورو، 21/جنوری (ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ ایڈی یورپا کے اعلان کے بعد اب ریاستی وزیر برائے پرائمری و سکینڈری تعلیم سریش کمار نے بھی آج باقاعدہ اعلان کردیا ہے کہ میسور کے حکمران ٹیپو سلطان کا سبق نصابی کتابوں سے ہٹایا نہیں جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ اس کا جائزہ لینے کے لئے تشکیل ماہرین کی کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ٹیپو سلطان کا سبق تاریخ اور حقائق پر مبنی ہے۔ اس سبق میں کوئی بنا وٹی متنازع نکات نہیں ہیں جس کی بنیاد پر ٹیپوسلطان کا سبق نصابی کتابوں سے ہٹایا جائے۔
کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی کہا ہے کہ نصابی کتابوں میں ٹیپو سلطان کے تذکرہ کے بغیر ریاست میسور کی تاریخ مکمل نہیں ۔
کورگ سے بی جے پی کے رکن اسمبلی اپاچورنجن نے اس معاملہ کو اٹھا کر نصابی کتابوں سے ٹیپوسلطان کا سبق ہٹادینے کا مطالبہ کیا تھا۔ حکومت کے اس فیصلہ سے فرقہ پرست اور ٹیپو سلطان سے متعلق تنگ نظر یہ رکھنے والے اپاچورنجن کو منہ کی کھانی پڑی ۔