امریکی نیوی کے اعلیٰ افسر کی بحرین میں پراسرار ہلاکت
واشنگٹن: 2/دسمبر (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)امریکی بحریہ کے وائس ایڈمرل اسکاٹ اسٹیرنی بحرین میں مردہ حالت میں پائے گئے ہیں۔ وہ بحرین میں متعین امریکی پانچویں بحری بیڑے کے کمانڈر، مشترکہ سمندری نگرانی کی افواج کے سربراہ اور امریکی سینٹرل کمانڈ کی بحری افواج کے کمانڈر بھی تھے۔ امریکی فوج کے عسکری آپریشنز کے سربراہ ایڈمرل جان رچرڈسن نے رحلت پانے والے نیول افسر کو ایک شاندار فوجی افسر قرار دیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس ہلاکت میں بظاہر کوئی مشتبہ کارروائی نظر نہیں آتی۔ بحرینی وزارت داخلہ اور امریکی نیول کریمینل انویسٹیگیٹو سروس نے مشترکہ تفتیش شروع کر دی ہے۔ وائس ایڈمرل اسٹیرنی کا تعلق شکاگو سے تھا۔