جلد ہی سبھی نشستوں کے ضمنی انتخابات کا اعلان کردیا جائے گا: الیکشن کمیشن
نئی دہلی،24؍جولائی(ایس او نیوز؍یو این آئی) الیکشن کمیشن نے کورونا بحران کے دوران ہی 56 اسمبلی نشستوں اور ایک پارلیمانی نشست پر ضمنی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمیشن کی جائزہ میٹنگ میں جمعہ کو یہ فیصلہ کیا گیا۔ کمیشن کی ترجمان شیفالی شرن نے ٹویٹ کرکے یہ جانکاری دی۔ انہوں نے کہا کہ ان نشستوں کے لئے ہونے والے ضمنی انتخابات کی تاریخ کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔
کمیشن نے کل کہا تھا کہ الیکشن کمیشن کی جمعہ کو ہونے والی میٹنگ میں ان نشستوں کے ضمنی انتخاب کےبارے میں غور کیا جائے گا۔ کمیشن کے مطابق، 22 جولائی کو کمیشن کے سینئر پرنسپل سکریٹری سُمیت مکھرجی کی جانب سے جاری ریلیز میں میڈیا میں غلط فہمی کی صورتحال پیدا ہوگئی تھی، لہذا کل یہ بات واضح ہوگئی کہ آٹھ اسمبلی حلقوں کے ضمنی انتخاب کے بارے میں لیا گیا فیصلہ خصوصی صورتحال میں لیا گیا تھا لیکن کمیشن نے عوامی نمائندگی ایکٹ کی دفعہ 151 کے تحت مذکورہ بالا تمام نشستوں پر ضمنی انتخاب کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ریلیز میں کہا گیا ہے کہ آٹھ اسمبلی نشستوں کے لئے ہونے والے ضمنی انتخابات کو 7 ستمبر تک ملتوی کر دیا گیا ہے لیکن کل کی میٹنگ میں تمام نشستوں کے ضمنی انتخاب پر غور کیا جائے گا۔