کووِڈ معاملے میں عوام کو خوف زدہ نہ کرنے بھٹکل انتظامیہ سے اپیل۔ الفلاح یوتھ سروس آرگنائزیشن کی جانب سے ڈی سی کے نام دیا گیا میمورنڈم
بھٹکل،28؍جولائی (ایس او نیوز) ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی طرف سے آنگن واڈی اور آشاکارکنا ن کے ذریعے گھر گھر جاکر عوام کا جسمانی درجہ حرارت اور آکسیجن لیول چیک کرنے کی جو کارروائی ہورہی ہے اس میں غلط رپورٹنگ ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے الفلاح یوتھ سروس آرگنائزیشن کی طرف سے ضلع اُترکنڑا کے ڈپٹی کمشنر کے نام میمورنڈم پیش کیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ آشاکارکنوں کی غلط رپورٹنگ سے عوام کو پریشانی اور خوف لاحق ہورہا ہے۔ بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر کی معرفت ڈی سی کے نام میمورنڈم میں اس بات کا مطالبہ کیا گیا ہے کہ عوام کو خواہ مخواہ ہراساں نہ کیا جائے اور غلط رپورٹنگ سے عوام کوجو پریشانی اور خوف لاحق ہوا ہے اس کا ازالہ کیا جائے۔
کارگیدے ہندوکالونی کے عوام کی جانب سے دے گئے میمورنڈم میں کہاگیا ہے کہ ان کے علاقے میں گھروں میں پہنچ کر آکسیجن کی غلط ریڈنگ کی وجہ سے متعلقہ لوگوں کوجو ذہنی اذیت ہوئی ہے ویسا معاملہ دیگر علاقوں میں بھی ہونے کے امکانات ہیں ۔ اس لئے معائنے کے لئے جو مشینیں بھیجی جارہی ہیں اُس کی پہلی جانچ کی جائے کہ آیا وہ صحیح ریڈنگ بتانے والی ہیں بھی یا نہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مولوی وصی اللہ نے بتایا کہ محکمہ کی طرف سے کورونا رپورٹ کو لے کر بھی لاپرواہی برتی جارہی ہے، نیگیٹیو رپورٹ آنے کے دوسرے دن رپورٹ پوزیٹیو آنے کی خبر دی جارہی ہے، اس تعلق سے میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ ان کے علاقے میں جن لوگوں کی لیباریٹری جانچ رپورٹ نگیٹیو آئی تھی ان کو پھر سے سرکاری اسپتال کا عملہ فون کرکے بتارہا ہے کہ رپورٹ پوزیٹیو آئی ہے۔ اسوسی ایشن نے اس طرح کی بدنظمی پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر کو بتایا کہ اس وجہ سے کئی گھرانوں میں الجھن اور تناؤ کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔ اور پورے علاقے میں تشویش اور خوف کی لہر پیدا ہوگئی ہے۔اسوسی ایشن نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ایسے معاملات نہ جانے مزید کتنے لوگوں کے ساتھ پیش آ چکے ہوں گے۔
میمورنڈم میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر بذات خود اس معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے عوام کے اندر کووِڈکی جانچ اور علاج سے متعلق عوام کے اندر پیدا ہونے والے خوف کا ازالہ کرنے کے لئے مناسب اقدامات کریں۔ اور لوگوں کا اعتماد بحال کرنے کی عملی کوشش کریں۔ اس موقع پر الفلاح کی جانب سے کئی ایک ذمہ داران اور ممبران موجود تھے۔