الیسٹرکک نے کیا ریٹائرمنٹ کا اعلان، ہندوستان کے خلاف اوول میں کھیلیں گے آخری میچ
نئی دہلی ،03؍ ستمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اوپنر الیسٹر کک نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیاہے۔ہندوستان کے خلاف ہونے والے پانچویں ٹیسٹ کے بعد الیسٹرکک بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیں گے۔
کک نے انگلینڈ کے لئے ابھی تک 160میچ کھیلے ہیں اور 12,254 رنز بنائے ہیں۔ ہندوستان کے خلاف اوول میں ہونے والا سیریز کا پانچواں ٹیسٹ ان کا 161 واں میچ ہوگا۔ کک ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے والے چھٹے بلے باز ہیں۔غور طلب ہے کہ کک ابھی تک اس سیریز میں ناکام رہے ہیں۔ہندوستانی گیند بازوں کے سامنے وہ ابھی تک بے بس نظر آئے ہیں۔کک اپنے مسلسل خراب فارم کے بعد سے ہی وہ ناقدین کے نشانے پر تھے۔شاید یہی وجہ ہے کہ کک نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے۔
حالانکہ خبر ہے کہ الیسٹرکک بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی ایسیکس کے لئے کاؤنٹی کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔غور طلب ہے کہ ہندوستان کے خلاف پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں انگلینڈ نے 3-1 سے برتری بنا لی ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان پانچواں اور آخری ٹیسٹ میچ جمعہ سے لندن میں کھیلا جائے گا۔سب سے خاص بات یہ ہے کہ کک نے 21 سال کی عمر میں 2006 میں ہندوستان کے خلاف ہی ٹیسٹ میں ڈیبو کیا تھا۔انہوں نے اپنے کیریئر میں اب تک 160 ٹیسٹ میچوں میں 12,254رنز بنائے ہیں، جس میں 32 سنچریاں اور 56 نصف سنچریاں شامل ہیں۔انگلینڈ کا کوئی بھی کھلاڑی ان کے ٹیسٹ رنز اور سنچریوں کے قریب نہیں پہنچا ہے۔کک نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ میں نے اپنی صلاحیت اورتوقع سے زیادہ کامیابی حاصل کی ہے اور بہت سے عظیم کھلاڑی کے ساتھ اتنی دیر تک کھیلنے کا موقع حاصل کرکے خود کو خوش قسمت بھی محسوس کرتا ہوں۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ چند ماہ سے کافی غور کے بعد میں نے ہندوستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد اپنے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے کا فیصلہ لیاہے۔