بنگلورو ایرپورٹ میٹرولائین کا تعمیری کام تیزی کے ساتھ جاری ، وقت مقررہ پر کام مکمل کرنے بی ایم آر سی ایل پر دباؤ
بنگلورو،10؍تمبر(ایس او نیوز)بنگلور شہر کو کیمپے گوڈا بین الاقوامی ہوائی اڈہ (کے آئی اے)سے جوڑنے اور آئی ٹی آؤٹر رنگ روڈ تک جانے والے سلک بورڈ۔ بین الاقوامی ہوائی اڈہ روٹ(2A) میٹرو کا تعمیری کام زوروں سے جاری ہے۔
اطلاع کے مطابق مکمل طور پر ایلیویٹیڈ روٹ میں کل1,678میٹرو ستون آتے ہیں،جن میں ابتک159کو نصب کیا جا چکا ہے،بقیہ ستونوں کا کام مختلف مراحل میں ہے۔ گذشتہ سال اگست میں اس روٹ کے میٹرو کا کام شروع ہوا، جس میں ستونوں کی تنصیب کاری کا کام زوروں سے جاری ہے، نصب کر دہ ستونوں میں سے43کو نصب کیا گیا ہے اور14 کے لئے اسپیان(دو ستونوں کے درمیان گرڈر)نصب کرنے کا کام جاری ہے۔
بتا یا جاتا ہے کہ کوڈی بسنہلی۔ٹن فیکٹری کے درمیان تعمیری کام دیگر کے مقابلے تیزی سے جاری ہے۔اس علاقے میں 259ستو نوں میں سے 70نصب کئے گئے ہیں، 29کو کیپ نصب کی گئی ہے اور14کے لئے کیپ نصب کئے جارہے ہیں۔
بنگلور میٹرو ریل کارپوریشن لمیٹڈ(بی ایم آر سی ایل)ذرائع نے بتایا کہ ہیبال تا بین الاقوامی ہوائی اڈہ711ستون نصب کرنے ہیں جن میں سے62کو نصب کیا گیا ہے،سلک بورڈ تا کوڈی بسنہلی کے درمیان332 ستونوں میں سے20نصب کئے گئے ہیں۔14کو کیپ نصب کی گئی ہے،ٹن فیکٹری اور ہیبال کے درمیان376میں سے صرف7ستون نصب کئے گئے ہیں جبکہ پرپل لائین کے2Aلین سلک بورڈ تا ٹن فیکٹری تعمیری کام تیزی کے ساتھ جاری ہے۔
آؤٹر رنگ روڈ ریاست کا آئی ٹی کاریڈار ہے اور میٹرو کے تعمیری کاموں سے ٹرافک کا مسئلہ پیدا ہو نے کی وجہ سے آئی ٹی ملاز مین کو مسئلہ پیدا ہو رہا ہے۔ اس لئے تعمیری کام مقررہ وقت پر مکمل کرنے بی ایم آر سی ایل پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔