بھٹکل: ریاستی وزیر برائے پرائمری تعلیم کےبیان کا آئیٹا نے کیا استقبال : منصوبے کو جلد نافذ کرنے کا مطالبہ
بھٹکل:31؍مارچ (ایس اؤ نیوز)ریاست کے غیر امدادی اسکولوں کے اساتذہ کو ٹیچرس بینفٹ فنڈ( ٹی بی ایف) میں مستقل ممبر شپ دئیے جانے کا ریاستی وزیر برائے پرائمری اسکول سریش کمار کے بیان کاآل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس اسوسی ایشن (آئیٹا) کرناٹک کے ریاستی صدر محمد رضامانوی نے استقبال کیا ہے۔
پریس ریلیز جاری کرتےہوئے کہاگیا ہےکہ ریاستی وزیر کے بیان سے طویل عرصے سے غیر امدادی اسکولوں میں تدریسی خدمات انجام دینے والے پرائیویٹ ٹیچروں کو سہولیات فراہم ہونے کی امید جاگی ہے۔ اس منصوبے کو جتنی جلد ہوسکے اتنی جلدی نافذ کرنے کا مطالبہ کیاگیا ہے۔ اسی طرح انہوں نے وزیر موصوف سے مطالبہ کیاہےکہ گذشتہ ایک برس سے پرائیویٹ اسکولوں کے ہزاروں اساتذہ بغیر تنخواہ کے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اسکول انتظامیہ بھی اسکول فیس وصول نہ ہونے کی وجہ سے صرف 40،50فی صد تنخواہیں ادا کررہی ہیں۔ ان حالات کو دھیان میں رکھتے ہوئے غیر امدادی ، پرائیویٹ اسکول ٹیچروں کےلئے کووڈ-19پیاکیج کے اعلان کرنے کی مانگ کی۔ اس کے علاوہ امدادی اسکولوں میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کے بھی کئی ایک مسائل کے متعلق تنظیموں کی طرف سے توجہ دلائی گئی ہے۔ لیکن حکومت اس معاملےمیں سنجیدگی سے غور نہ کرنے کا انہوں نے الزام لگایا اور حکومت سے فوری طورپر پرائیویٹ اسکول کے ٹیچروں کے مسائل کو حل کرنے کا مطالبہ کیا۔