آگسٹا ویسٹ لینڈ: راجیو سکسینہ کو سپریم کورٹ سے نہیں ملی راحت، ایمس سے مانگی رپورٹ
نئی دہلی، 18 جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)آگسٹا ویسٹ لینڈ معاملے میں ملزم سے گواہ بنے راجیو سکسینہ کو سپریم کورٹ سے فی الحال راحت نہیں ملی ہے۔سپریم کورٹ نے ایمس سے سکسینہ کی میڈیکل رپورٹ داخل کرنے کے لئے کہا ہے۔سپریم کورٹ نے آج (جمعرات) کیس کی سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے ایمس کے ڈیریکٹر کو ایک میڈیکل بورڈ تشکیل کرنے کا حکم دیا ہے۔سپریم کورٹ نے ایمس سے راجیو سکسینہ کی میڈیکل رپورٹ 26 جولائی تک داخل کرنے کو کہا ہے۔بتا دیں کہ فی الحال راجیو سکسینہ کا علاج ممبئی میں چل رہا ہے۔بتا دیں کہ ای ڈی نے دہلی ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا، جس میں راجیو سکسینہ کو بیرون ملک علاج کے لئے ضمانت ملی تھی۔ای ڈی کی درخواست پر سپریم کورٹ نے دہلی ہائی کورٹ کے فیصلے پر عبوری روک لگا دی تھی۔راجیو سکسینہ کا کہنا تھا کہ وہ بیمار ہونے کی وجہ سے علاج کے لئے بیرون ملک جانا چاہتے ہیں۔ای ڈی نے اس معاملے میں کورٹ میں عرضی دائر کی تھی اور راجیو سکسینہ کی ضمانت مسترد کرنے کی مانگ کی تھی۔غور طلب ہے کہ سرخیوں میں چھائے آگسٹا ویسٹ لینڈ گھوٹالہ معاملے میں راجیو سکسینہ سرکاری گواہ بننے کو تیار ہیں۔راجیو سکسینہ آگسٹا ویسٹ لینڈ کیس سے منسلک وہ تمام راز اور ثبوت جانچ ایجنسی کے ساتھ شیئر کرنے کے لئے تیار ہو گئے تھے۔متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی سکیورٹی ایجنسیوں نے 30 جنوری کو سکسینہ کو دبئی میں واقع ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا تھا،جس سے بعد سکسینہ کو ہندوستان لایا گیا تھا۔