بھٹکل میں قاضی صاحبان کی ہدایات کے بعد اسسٹنٹ کمشنر نے جاری کیں نئی گائیڈلائنس؛ مسجد میں عوام کو نماز پڑھنے کی نہیں ہوگی اجازت

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 21st April 2021, 7:48 PM | ساحلی خبریں |

بھٹکل  21 اپریل (ایس او نیوز)  ریاست میں کورونا کے بڑھتے معاملات کو دیکھتے ہوئے  بھٹکل میں نماز بالخصوص تراویح کی نماز کو لے کر  قاضی صاحبان کی جانب سے جاری کی گئیں ہدایات کے بعد شام کو اسسٹنٹ کمشنر نے سرکار کی جانب سے جاری کردہ نئی گائیڈلائن سے  اخبارنویسوں کو آگاہ کیا ہے جس میں  مندر، مسجد اور چرچ وغیرہ میں عوام الناس کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے اور عوام الناس سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے گھروں میں ہی عبادات کا اہتمام  کریں۔ 

بھٹکل منی ودھان سودھا میں  شام قریب 6 بجے  بلائی گئی پریس کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے اسسٹنٹ کمشنر ممتا دیوی نے بتایا کہ سرکار کی جانب سے جو گائیڈلائنس جاری ہوئی ہیں اُس کے مطابق  مسجد میں صرف امام اور موذن سمیت دو مزید لوگوں کو  نماز کی اجازت ہوگی،  دیگر لوگ مسجد میں جاکر نماز نہیں پڑھ سکتے۔ اسی طرح مندر اور چرچ کا بھی معاملہ ہے جہاں لوگوں کے داخلے پر پابندی  عائد کی گئی ہے۔ انہوں  نے بتایا کہ  آج 21 اپریل رات نو بجے سےیہ پابندیاں   لاگو کی جائیں  گی  اور  4/مئی  صبح چھ بجے تک یہ پابندی عائد  رہے گی۔

پریس کانفرنس سے قبل بھٹکل تحصیلدار دفتر میں قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کے وفد کو  مدعو کیا گیا تھا، اسی طرح مختلف مندروں کے ذمہ داران، آٹو رکشہ یونین، ٹمپو اور ٹیکسی یونین سمیت مختلف اداروں کے ذمہ داران کو دس دس  منٹ کے وقفے سے مدعو کیا گیا تھا  جن کے سامنے سرکار کی جانب سے جاری شدہ گائیدلائنس پڑھ کر سنائی گئی، بعد میں اسی دفتر میں تحصیلدار روی چندرا کی موجودگی میں  اسسٹنٹ کمشنر ممتا دیوی نے اخبار نویسوں سے  گفتگو کرتےہوئے سرکاری حکمنامہ پڑھ کر سنایا۔

ممتا دیوی نے بتایا کہ  4 مئی تک جاری دفعہ 144 کے  دوران  شادی  کی تقریب میں صرف پچاس لوگوں کو شریک ہونےکی اجازت ہوگی، جس کےلئے انتظامیہ سے پہلے اجازت حاصل کرنی ہوگی، بعد میں  تحصیلدار دفتر سے تقریب میں شریک ہونے والے مہمانوں  کےلئے  پاس جاری کئے جائیں گے۔ بغیر پاس کسی کو بھی شادی کی تقریب میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اسی طرح  کسی کے گھر پر موت واقع ہوئی ہو تو  جنازے میں بیس سے زائد لوگوں کو شرکت کی اجازت نہیں ہوگی، اس کےلئے کسی پاس کی ضرورت نہیں ہوگی۔

جمعہ رات 9 بجے سے پیر صبح چھ بجے تک  مکمل لاک ڈاون ہوگا، اس دوران صبح چھ بجے سے صبح دس بجے تک صرف ضروری اشیاء مثلاً دودھ، گوشت، مچھلی ، ترکاری،  بریڈ وغیرہ خریدنے کے لئے لوگ گھر سے باہر نکل سکیں گے  اور ضروری اشیاء خرید کر فوراً انہیں اپنے گھر واپس جانا ہوگا۔ لوگوں کو غیر ضروری طور پر سڑکوں پر گھومنے کی اجازت نہیں ہوگی، اسی طرح  ایمرجنسی کی صورت میں  کسی کو گھر سے باہر نکلنا ضروری ہے تو جس کام کے لئے نکلنا ہے، اُس کا کوئی ثبوت (ضروری کاغذات)  اپنے پاس رکھ کر نکل سکیں گے۔ بھٹکل سے باہر اگر سفر کرنا ہوتو  تحصیلدار سے اجازت لے کر  سفر کرسکیں گے، اسی طرح کوئی  ٹرین یا بس کے ذریعے  بھٹکل آرہا ہو تو  اُن پر کوئی روک  نہیں ہوگی، اپنی ٹکٹ اپنے پاس  رکھ کر  آجاسکیں گے۔انہوں نے بتایا کہ رات کے کرفیو یا ویک اینڈ کرفیو کے دوران اسپتال جانے والوں یا ایمرجنسی  ہونے کی صورت میں گھر سے باہر نکل سکیں گے۔

کرونا کرفیو کے تعلق سے مکمل گائیڈلائنس  مندرجہ ذیل نیوز  لنک پر کلک کر کے  حاصل کی جاسکتی ہے:

کرناٹک میں لاک ڈاؤن نہیں مگر۔ سخت ضابطہ نافذ ، ریاست بھر میں جمعہ کی شب سے پیر کی صبح تک ویک اینڈ کرفیو، عبادت گاہیں بند

 

ایک نظر اس پر بھی

منگلورو سائی مندر کے پاس بی جے پی کی تشہیر - بھکتوں نے جتایا اعتراض

منگلورو کے اوروا میں چیلمبی سائی مندر کے پاس رام نومی کے موقع پر جب بی جے پی والوں نے پارلیمانی انتخاب کی تشہیر شروع کی تو وہاں پر موجود سیکڑوں بھکتوں نے اس کے خلاف آواز اٹھائی جس کے بعد بی جے پی اور کانگریسی کارکنان کے علاوہ عام بھکتوں کے درمیان زبانی جھڑپ ہوئی

اُڈپی - کنداپور نیشنل ہائی وے پر حادثہ - بائک سوار ہلاک

اڈپی - کنداپور نیشنل ہائی وے پر پیش آئی  بائک اور ٹرک کی ٹکر میں  بائک سوار کی موت واقع ہوگئی ۔     مہلوک شخص کی شناخت ہیرور کے رہائشی  کرشنا گانیگا  کی حیثیت سے کی گئی ہے جو کہ اُڈپی میونسپالٹی میں الیکٹریشین کے طور پر ملازم تھا ۔