چٹاگانگ،9؍ستمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) افغانستان نے کپتان راشد خان کی تباہ کن بولنگ کی بدولت بنگلہ دیش کے خلاف واحد ٹیسٹ 224 رنز سے جیت لیا، راشد خان میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان کے کپتان لیگ اسپنر راشد خان کی گھومتی گیندوں کے سامنے بنگال ٹائیگر بے بس نظر آئے اور 224 رنز سے شکست کا شکار ہوئے، راشد خان نے پہلی اننگز میں پانچ اور دوسری اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کیں۔
بنگلہ دیش کی ٹیم 398 رنز کے تعاقب میں دوسری اننگز میں صرف 173 رنز پر ڈھیر ہوگئی، ٹیسٹ اسٹیٹس ملنے کے بعد افغانستان کی ٹیسٹ کرکٹ میں یہ دوسری کامیابی ہے۔
اس سے قبل افغانستان کی ٹیم دوسری اننگز میں 260 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی، افسر زازئی 48 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، شکیب الحسن نے تین جبکہ مہدی حسن، تیج الاسلام اور نعیم حسن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
لیفٹ آرم اسپنر ظہیر خان نے دو کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا، بنگلہ دیش کے لٹن داس 9 اور مصدق حسین 12 رنز بناسکے، مشفیق الرحیم میچ میں دوسری اور مجموعی طور پر چھٹی مرتبہ راشد خان کا شکار بنے، انہوں نے 23 رنز بنائے، اگلے اوور میں راشد خان نے اگلے اوور میں مومن الحق کو بھی ایل بی ڈبلیو کیا۔
شادمان اسلام 41 رنز بنا کر محمد نبی کا نشانہ بنے، محمود اللہ 7 رنز بنا کر راشد خان کو وکٹ دے بیٹھے۔