افغانستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف تاریخی فتح حاصل کی، ون ڈے سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کر لی
شارجہ، 21/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) افغانستان کی کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کو یکطرفہ میچ میں شکست دے کر ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ شارجہ میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں افغانستان نے 177 رنز کی شاندار فتح حاصل کر کے ون ڈے سیریز میں 2-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی۔ یہ کامیابی نہ صرف افغانستان کی ون ڈے کرکٹ کی سب سے بڑی جیت ہے بلکہ اس نے دنیا کو یہ بھی پیغام دیا ہے کہ افغانستان کی کرکٹ ٹیم اب ایک مکمل اور مضبوط ٹیم کے طور پر ابھر چکی ہے۔
اس میچ میں افغانستان کے اوپنر رحمان اللہ گرباز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 110 گیندوں پر 105 رنز بنائے، جو ان کی ون ڈے کرکٹ میں ساتویں سنچری ہے۔ رحمت شاہ نے بھی نصف سنچری بنائی، جب کہ عظمت اللہ عمرزئی نے 50 گیندوں پر 86 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی۔ افغانستان نے جنوبی افریقہ کے سامنے مقررہ 50 اوورز میں 311/4 کا ہدف رکھا۔
جواب میں، جنوبی افریقہ کی ٹیم ایک موقع پر 14 اوورز میں 73 رنز بنا چکی تھی لیکن اس کے بعد وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ کپتان ٹیمبا باووما (38) عظمت اللہ عمرزئی کی گیند پر محمد نبی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، جس کے بعد افغانستان کے اسٹار اسپنر راشد خان اور نئے آنے والے فاسٹ بولر ننگیالیا خروٹے نے جنوبی افریقہ کے بلے بازوں کو پست کر دیا۔
راشد خان نے 5 اور خروٹے نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 134 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ یہ شکست جنوبی افریقہ کی ون ڈے تاریخ کی بدترین شکستوں میں سے ایک ہے۔
میڈیا رپورٹوں میں کہا جا رہا ہے کہ افغانستان کی اس کامیابی کو کسی ’تکے‘ کا نتیجہ کہنا مناسب نہیں، بلکہ یہ ایک متحد اور محنتی ٹیم کی داستان ہے جو مسلسل بہتر کھیل کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ اس جیت کے ساتھ افغانستان نے پہلی بار جنوبی افریقہ کو ون ڈے سیریز میں شکست دی ہے۔