شیئر مارکیٹ سےاڈانی کو پھر شدید جھٹکوں کا اندیشہ، ہنڈن برگ رپورٹ کی بنا پر حصص کی قیمتوں میں مزید گراوٹ کا امکان

Source: S.O. News Service | Published on 30th January 2023, 11:50 AM | ملکی خبریں |

ممبئی، 30؍جنوری (ایس او نیوز؍ایجنسی ) اڈانی گروپ پر لاکھوں کروڑ کی گھپلے کا الزام عائد کرنے والی ہنڈن برگ رپورٹ   کے کئی دن گزر جانے کے باوجود گوتم اڈانی یا ان کے گروپ کی جانب سے الزامات کا جواب نہ دینے پر سرمایہ کاروں کے اعتماد میں آنے والی کمی کااثر پیر کو پھر شیئر مارکیٹ میں نظر آسکتاہے۔ا ن کی کمپنیوں  کے حصص کی قیمتوں میں مزید گراوٹ کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہاہے۔ ایسے وقت میں جبکہ کمپنی کے ایف پی او پر سرمایہ کاروں  نے سردمہری کا مظاہر ہ کیا ہے ، کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایف پی او کی فروخت مکمل ہونے کےبعد ہنڈن برگ کے الزامات کا جواب دے گی۔ 

 اڈانی گروپ کی کمپنیوں پر سنگین الزامات عائد کرنے والی  ہنڈن برگ ریسرچ کی  رپورٹ ایسے وقت میں آئی ہے جب  گروپ نے  فالو آن پبلک آفرنگ (ایف پی او )کے ذریعہ ۲۰؍ ہزار کروڑ روپے اکٹھا کرنے کا منصوبہ بنایاتھا مگر ایف پی او کے جاری  ہونے کے بعد پہلے دن اس کی فروخت محض ایک فیصد رہی۔ ہندوستانی سرمایہ مارکیٹ کا یہ اب تک کا سب سے بڑا ایف پی او ہے۔۲۷؍ جنوری کو اس ایف پی او کے جاری ہونے کے بعد پہلے دن صرف ۴ء۷؍ لاکھ شیئر فروخت ہوئے ہیں جو پیش کئے گئے شیئر کا محض ایک فیصد ہیں۔اس کے ذریعہ اڈانی گروپ ۴ء۵۵؍کروڑ روپے ہی اکٹھا کرنے میں کامیاب ہو سکاہے۔ عام طور پر شیئر مارکیٹ میں اڈانی گروپ کے آفرس ہاتھوں ہاتھ فروخت ہوتے ہیں۔اس کے ریٹیل خریداروں  میں  اکثریت ملازمت پیشہ افراد  اور صاحب حیثیت عام شہریوں کی ہوتی ہے تاہم ہنڈن برگ ریسرچ کی رپورٹ    کے بعد  ریٹیل سرمایہ کاروں نے اپنے ہاتھ روک لئے ہیں۔ 

  بہرحال اڈانی گروپ  نے ہنڈن ریسرچ رپورٹ سے اس کی ساکھ کو پہنچنے والے نقصان کے باوجود امید ظاہر کی ہے کہ ایف پی او کی فروخت توقع کے مطابق رہے گی۔ گروپ کے سی ای او جوگیشندرسنگھ نے  ان قیاس آرائیوں کی تردید کی ہے کہ موجودہ ناموافق حالات کی وجہ سے کمپنی شیئر کی قیمتوں  میں  تخفیف کا ارادہ رکھتی ہے۔  ایف پی اومنگل  ۳۱؍ جنوری کو ختم ہوگا جس کو محض ۲؍ دن رہ گئے ہیں۔ 

 ہنڈن برگ رپورٹ کے آنے کے بعد جمعرات اور جمعہ کو اڈانی گروپ کے شیئرس میں آنے والی غیر معمولی گراوٹ کی وجہ سے گروپ کی ساتوں کمپنیوں میں سرمایہ کاری کرنے والوں  کے ۱۰ء۷؍ لاکھ روپے کافور ہوگئے ہیں۔  بڑے پیمانے پر شیئروں  کی فروخت اور غیر مستحکم صورتحال پر سیبی اور اسٹاک ایکسچینج بھی نظر رکھے ہوئے ہے۔ 

  اڈانی گروپ کے سی ای او جوگیشندرسنگھ  نے بتایا کہ ہنڈن برگ نے  مالی بدعنوانی  اور غلط طریقے اختیار کرنے  کے جو سنگین  الزامات عائد کئے ہیں، ان کا جلد ہی تحریری اور شواہد کے ساتھ  جواب دیا جائےگا۔ اطلاعات کے مطابق ہنڈن برگ کے الزامات  کے ۱۰۰؍ صفحات سے زائد جوابات اڈانی گروپ نے تیار کرلئے ہیں۔اس سلسلے میں قانونی ماہرین سے صلاح و مشورہ بھی لیا جارہاہے۔ یاد رہے کہ اڈانی گروپ پہلے ہی ہنڈن برگ  کے الزامات کو خارج کرتے ہوئے اسے قانونی چارہ جوئی کی دھمکی دے چکا ہے تاہم مذکورہ ریسرچ ادارہ نے بھی ترکی بہ ترکی جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی بھی طرح کی قانونی چارہ جوئی کا خیر مقدم کرے گا۔  ہنڈن برگ نے اڈانی کو چیلنج کیا ہے کہ وہ اس کی رپورٹ امریکی عدالت میں چیلنج کریں جہاں  وہ کام کرتی ہے۔ ہنڈن برگ کا الزام ہے کہ اڈانی گروپ نے متعدد شیل کمپنیاں قائم کررکھی ہیںجن کا زمینی سطح پر کوئی وجود ہی نہیں ہے۔ یہ کمپنیاں اسٹاک مارکیٹ میں رجسٹرڈ ہیں اور اڈانی کی دیگر کمپنیوں کے شیئر خرید کرایسا مثبت تاثر قائم کرتی ہیں جس سے اڈانی گروپ کے شیئروں کی قیمت میں غیر معمولی اچھال آ جائے۔ مصنوعی طریقے سے شیئر وں کی بڑھائی گئی اس قیمت کو بنیاد بنا کر اڈانی گروپ نے متعدد سرکاری بینکوں سے ہزاروں لاکھوں کروڑ روپے کے قرض لے رکھے ہیں۔ 

  ایسے وقت میں جبکہ ہنڈن برگ رپورٹ آنے کے بعد محض  ۲؍ دنوں میں اڈانی گروپ کے کل اثاثوں کی مالیت  ۴۸؍ بلین ڈالر (۴؍ لاکھ ۱۷؍ ہزار ۸۲۴؍ کروڑ) تک گھٹ گئی ہے، ساری نگاہیں اس بات پر لگی ہوئی ہیں کہ پیر کو شیئر مارکیٹ  کے کھلنے کے بعد کیا ہوتا ہے۔ جمعہ اور سنیچر کو اڈانی گروپ کے شیئروں  میں جس طرح مسلسل گراوٹ درج کی گئی ہے،اس کو دیکھتے ہوئے  پیر کو یہ سلسلہ جاری رہنے کا قوی امکان ہے۔ ماہرین کے مطابق چونکہ اڈانی گروپ نے اب تک ہنڈن برگ گروپ کے الزامات کا کوئی ٹھوس جواب نہیں دیا ہے اس لئے سرمایہ کاروں میں اس کے تعلق سے اعتماد بحال نہیں ہوا ہے جس کا اثر پیر کو شیئر بازار کے کاروبار میں بھی واضح طور پر نظر آسکتاہے۔  یاد رہے کہ اڈانی کے معاملے کی وجہ سے سنیچر کو شیئر مارکیٹ میں  ۸۰۰؍ پوائنٹس کی گراوٹ درج کی گئی تھی۔ 

ایک نظر اس پر بھی

مدھیہ پردیش اور مرکز کی بی جے پی حکومت خاتون، نوجوان اور کسان مخالف: جیتو پٹواری

 مدھیہ پردیش میں لوک سبھا انتخابات کی مہم زور پکڑ رہی ہے۔ کانگریس قائدین کی موجودگی میں شہڈول پارلیمانی حلقہ کے امیدوار پھندے لال مارکو اور منڈلا کے امیدوار اومکار سنگھ مرکام نے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے۔ اس موقع پر کانگریس لیڈروں نے کہا کہ ریاستی اور مرکزی حکومتیں ...

عدلیہ کی سالمیت کو خطرہ قرار دیتے ہوئے 600 وکلا کا چیف جسٹس آف انڈیا کو مکتوب

عدالتی سالمیت کے خطرے کے حوالے سے ہندوستان بھر کے ۶۰۰؍ وکلاء جن میں ایڈوکیٹ ہریش سالوے اور بار کونسل آف انڈیا کے چیئرمین منن کمار شامل ہیں نے چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندرچڈ کو مکتوب لکھا ہے۔ وکلاء نے ’’مفاد پرست گروہ‘‘ کی مذمت کی ہے جو عدالتی عمل میں ہیرا پھیری، عدالتی ...

ملک کی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کے پاس الیکشن لڑنے کے لیے پیسے نہیں!

ملک کے خزانے کا حساب و کتاب رکھنے والی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کے پاس الیکشن لڑنے کے لیے پیسے نہیں ہیں۔ یہ انکشاف انہوں نے خود ہی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی صدر جے پی نڈا نے مجھ سے لوک سبھا الیکشن لڑنے کے بارے میں پوچھا تھا مگر انہوں نے انکار کر دیا کیونکہ ان کے پاس الیکشن ...

مہوا موئترا نے ای ڈی کے سمن کو کیا نظر انداز، کرشنا نگر میں چلائیں گی انتخابی مہم

 ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) لیڈر مہوا موئترا نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے سمن کو نظر انداز کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج کرشنا نگر لوک سبھا حلقہ میں انتخابی مہم چلائیں گی۔ انہیں دہلی میں ای ڈی کے دفتر میں پوچھ گچھ کے لیے حاضر ہونے کو کہا گیا تھا۔

دہلی میں شدید گرمی، درجہ حرارت 37 ڈگری سیلسیس تک پہنچا

 دہلی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافہ درج کیا جانے لگا ہے اور مارچ میں ہی گرمی نے اپنا زور دکھانا شروع کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو قومی راجدھانی میں رواں سال کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا۔ دریں اثنا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سیلسیس تک پہنچ ...