بھٹکل 26/مئی (ایس او نیوز) تعلقہ کے شرالی کے قریب وینکٹاپور نیشنل ہائی وے پر بس اور ایکٹیوا اسکوٹر کے درمیان ہوئی ٹکر میں اسکوٹر سوار موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جس کی شناخت وینکٹیش لکشمن موگیر (29) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
حادثہ سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب قریب 12:30 بجے پیش آیا۔
وینکٹیش اپنی اسکوٹر پر سوار شرالی سے اپنے مکان کریکل جارہا تھا کہ مینگلور سے ہبلی جانے والی تیز رفتار پرائیویٹ بس نے اسکوٹر کو روند ڈالا۔ وینکٹیش کے سر کو شدید چوٹ لگی اور اُس نے وہیں دم توڑ دیا۔
نعش کو بھٹکل سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد نعش گھروالوں کے حوالے کی جائے گی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مضافاتی پولس تھانہ سے پی ایس آئی روی اپنے عملہ کے ساتھ جائے وقوع پر پہنچی۔ بس ڈرائیور کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے اور مزید چھان بین جاری ہے۔
وینکٹیش کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ اُڈپی کے ملپے میں موبائل کی دکان چلاتا تھا، اس کو ایک بھائی اور ایک بہن ہے اور وہ غیر شادی شدہ تھا۔