منگلورو میں پولیس کے سامنے ہی ملزم نے لگائی ندی میں چھلانگ۔ نعش برآمد
منگلورو15/جولائی (ایس او نیوز) اتوار کی شب میں ایک ملزم نے پولیس اسٹیشن لے جانے کے دوران کانسٹیبل کی آنکھوں کے سامنے ہی کُولور پل پر سے ندی میں چھلانگ لگادی تھی، اُس کی نعش آج پیر شام کو بینگرے کے قریبی علاقہ سے برآمد کرلی گئی ہے۔
پولس ذرائع کے مطابق منگلورو نارتھ پولیس اسٹیشن میں منیر(42سال) کے خلاف محمد نامی ایک شخص نے اتوار کی رات کو 11بجے شکایت درج کروائی تھی کہ کُدرولی کے رہنے والے منیر نے اس کی بیوی کی پٹائی کی ہے اور اس کامال بردار رکشہ لے کرفرار ہوگیا ہے۔اس نے پولیس سے منیرکوڈھونڈ نکالنے کی درخواست کی تھی۔ پولیس نے اس کے بعد ملزم منیر کو دیر رات کو ہی ہالے انگڈی چیک پوسٹ کے پاس روک لیا تھا۔ پھر ایک پولیس کانسٹیبل منیر کے ساتھ رکشہ میں بیٹھ کر اسے پولیس اسٹیشن لے جارہا تھا۔ جب وہ لوگ کُولور پل پر پہنچے تو منیر نے اچانک رکشہ روکااور اس سے پہلے کہ پولیس کانسٹیبل کچھ سمجھ پاتا، منیرنے تیزی کے ساتھ ندی میں چھلانگ لگا دی اور ندی کے تیز بہاؤ میں غائب ہوگیا۔
بتایا گیا ہے کہ اتوار کی دیر رات سے لے کر پیر کو بھی تلاشی مہم جاری تھی جس کے دوران پیر شام کو مُنیر کی نعش کولوّر ندی میں بینگرے علاقہ سے برآمد کرلی گئی۔