سرسی ۔یلاپور ہائی وے پر کار اور پیک آپ وین کے درمیان خطرناک ٹکر؛ تین کی موقع پر موت
سرسی 11/اگست (ایس او نیوز) سرسی۔یلاپور اسٹیٹ ہائی وے پر کار اور پیک آپ وین کے درمیان ہوئی خطرناک ٹکر میں تین لوگوں کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی جس میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ حادثہ بال ھدّا کراس پر اتوار صبح پیش آیا۔
ابتدائی طور پر ملنے والے اطلاع کے مطابق مرنے والوں کی شناخت میسور کے اے بی وی پی لیڈر اور ایم آئی ٹی میں ملازمت کرنے والے روی کمار، مہابلیشور ہیگڈے اور شاردا ہیگڈے کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ حادثے میں دو لوگ شدید زخمی ہوئے ہیں جن کی شناخت مادھو اور شیکھر کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
سوشیل میڈیا میں وائرل ہونے والے فوٹوز میں دیکھا گیا ہے کہ ٹکر لگنے کے بعد ایک طرف پیک آپ وین روڈ پر ہی اوندھی ہوکر گرگئی وہیں کار سڑک کنارے واقع ایک نالے میں گرکر اوندھی ہوگئی ہے۔ دونوں سواریوں کے اگلے حصوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
سرسی کے ایک ذرائع نے بتایا کہ روی کمار اپنے ساتھیوں کے ساتھ کیروتّی میں بارش سے متاثرہ لوگوں کو امدادی سامان پہنچاکر واپس لوٹ رہے تھے، جس کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔ زائد جانکاری موصول نہیں ہوسکی ہے۔