صدر ٹرمپ نے مواخذے کی کارروائی کو 'مضحکہ خیز' قرار دے دیا

Source: S.O. News Service | Published on 13th January 2021, 7:24 PM | عالمی خبریں |

نیویارک،13جنوری (آئی این ایس انڈیا)امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹک ارکان کی جانب سے اُن کے مواخذے کی کارروائی کے عمل کو مضحکہ خیز قرار دیا ہے۔

گزشتہ ہفتے کانگریس کی عمارت کیپٹل ہل پر صدر ٹرمپ کے حامیوں کے حملے کے بعد صدر نے پہلی مرتبہ منگل کو صحافیوں سے گفتگو کی۔

صدر ٹرمپ نے اُن الزامات کو مسترد کر دیا ہے کہ وہ کیپٹل ہل پر حملے اور اس دوران توڑ پھوڑ اور پانچ افراد کی ہلاکت کے ذمہ دار ہیں۔

صدر نے اس بات پر زور دیا کہ حملے کے روز انہوں نے وائٹ ہاؤس کے سامنے اپنے حامیوں سے جو خطاب کیا اس پر لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ بالکل مناسب تھا۔

یاد رہے کہ بدھ کو کیپٹل ہل پر حملے سے قبل صدر ٹرمپ کے حامی وائٹ ہاؤس کے باہر جمع ہوئے تھے جہاں صدر نے ان سے خطاب کے دوران کہا تھا کہ وہ اُن قانون سازوں کے خلاف اپنی طاقت کا مظاہرے کریں جو بائیڈن کی انتخابی کامیابی کی تصدیق کر رہے ہیں۔

بعد ازاں صدر ٹرمپ کے حامی کانگریس کی عمارت کی جانب بڑھے جہاں نائب صدر مائیک پینس سمیت اراکین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ایوان میں نو منتخب صدر جو بائیڈن کی انتخابات میں کامیابی کی توثیق کا عمل جاری تھا۔

صدر کے حامیوں کے حملے کے بعد پولیس نے کیپٹل ہل سے مظاہرین کو باہر نکالتے ہوئے وہاں سیکیورٹی کو مزید سخت کیا جس کے بعد کانگریس نے تین نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں بائیڈن کی کامیابی کی تصدیق کی۔

جو بائیڈن اب 20 جنوری کو امریکہ کے 46 ویں صدر کی حیثیت سے عہدے کا حلف اٹھائیں گے جس میں ایک ہفتہ باقی ہے تاہم اس سے قبل صدر ٹرمپ کے مواخذے کے مطالبات میں شدت آتی جا رہی ہے۔

صدر ٹرمپ نے جو بائیڈن کی تقریبِ حلف برداری میں نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بائیڈن اپنا عہدہ سنبھالیں لیکن وہ مزید تشدد نہیں چاہتے۔

صدر ٹرمپ کے بقول ڈیموکریٹس کی جانب سے ایوانِ نمائندگان میں ان کے مواخذے کی کارروائی بڑے پیمانے پر غم و غصے کا باعث بن رہی ہے۔

یاد رہے کہ ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے ایوانِ نمائندگان میں صدر ٹرمپ کے مواخذے کے لیے پیش کردہ قرار داد پر منگل کو ووٹنگ ہو رہی ہے۔

پیر کو پیش کردہ قرار داد میں نائب صدر مائیک پینس اور کابینہ کے اراکین سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ 25 ویں ترمیم کا استعمال کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کو عہدے کے لیے نااہل قرار دیں اور انہیں صدارتی آفس سے بے دخل کر دیں۔

تاہم نائب صدر مائیک پینس صدر کو عہدے سے ہٹانے کے حامی نہیں ہیں۔

ایوانِ نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے پیر کو اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ صدر ٹرمپ امریکہ، آئین اور امریکی عوام کے لیے خطرہ بن چکے ہیں جنہیں فوری طور پر عہدے سے ہٹا دینا چاہیے۔

دوسری جانب گزشتہ چند روز کے دوران نائب صدر مائیک پینس اور صدر ٹرمپ کی کابینہ کے ارکان میں سے کسی نے بھی صدر کو عہدے سے ہٹانے کا اشارہ نہیں دیا۔

ایک نظر اس پر بھی

ایشیائی ممالک میں شدید گرمی کی وجہ سے پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا : اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے موسم اور موسمیاتی ادارے نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایشیائی ممالک میں گرمی کی لہر کے اثرات انتہائی سنگین ہوتے جا رہے ہیں اور گلیشیئروں کے پگھلنے سے آنے والے وقت میں خطے میں پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا۔

اسرائیلی جہاز پر پھنسے 17 ہندوستانیوں سے ہندوستانی افسران کی جلد ہوگی ملاقات، ایران کی یقین دہانی

  ایران و اسرائیل کی کشیدگی کے دوران جہاں ایک جانب ہندوستانی اسٹاک ایکسچنج لڑکھڑا نے لگا ہے تو وہیں ایران کی جانب سے ہندوستان کے لیے ایک راحت کی خبر بھی ہے۔ ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہندوستانی افسران کو اسرائیلی مقبوضہ جہاز پر سوار 17 ہندوستانیوں سے ملاقات کی جلد اجازت دے گا۔ ...

کینیڈا میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کا گولی مار کر قتل

کینیڈا کے شہر وینکوور کے علاقے سن سیٹ میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کو اس کی کار میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔ وینکوور پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 24 سالہ چراغ انٹیل علاقے میں ایک گاڑی کے اندر مردہ پایا گیا۔

افغانستان میں سیلاب کے باعث 33 افراد ہلاک

ا فغانستان کے کچھ حصوں میں گزشتہ تین دنوں میں شدید بارشوں، برف باری اور سیلاب کی وجہ سے 33 افراد کی موت ہو گئی اور 27 دیگر زخمی ہو گئے۔نیشنل ڈیزاسٹر اتھارٹی کے ترجمان ملا جانان سائک نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔

ایران کا اسرائیل پر ڈرونز اور کروز میزائلوں سے بڑا حملہ؛ خطے میں مچ گئی افراتفری

ایران نے شام میں قونصل خانے پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں اسرائیل پر حملہ کردیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق ایران نے اسرائیل پر درجنوں ڈرونز اوع کروز میزائل داغے ہیں، جس کے ساتھ ہی پورے خطے میں افراتفری مچ گئی ہے۔