بھٹکل میں دوہزار سے زائد لوگوں کا کیا گیا طبی معائنہ؛ ضلع بھر کے طبی سروےکے بعد ڈپٹی کمشنرنے جاری کیا بیان
بھٹکل 2؍اپریل (ایس او نیوز) ملک بھر میں کورونا وائرس کی وباء عام ہونے کے بعد ضلع شمالی کینرا میں گھر گھر پہنچ کر 2,25,152افراد کا طبی سروے کیا گیا ہے۔ اس بات کی اطلاع اُترکنڑا کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار نے دی۔۔انہوں نے ضلع انتظامیہ کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد وشمار کو جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ان دو لاکھے سے زائد افراد کے سروے میں 418 افراد میں بخار دیکھنے کو ملا، لیکن و ہ ایک عام بخار تھا۔
ڈپٹی کمشنر نے اپنے اعلامیہ میں بتایا کہ پورے ضلع میں آشااور آنگن واڈی کارکنان کے علاو ہ طبی عملے کے کارکنان نے اس سروے میں حصہ لیا۔ جس کے دوران پتہ چلا کہ بیرونی ممالک سے واپس لوٹنے والے 1,005افراد ہیں،بیرون ریاست سے آنے والے4,410افراداور بیرون ضلع سے آکر یہاں رہائش پزیر ہونے والے 22,411 افراد ہیں، اور طبی عملے نے ان سبھوں کا طبی معائنہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کاروار تعلقہ میں 10,303گھروں میں سے 485 لوگوں کی طبی جانچ کی گئی، ان میں سے 41 افراد میں بخار کی علامات تھیں۔انکولہ میں 24,031گھروں میں سے 2,893افراد کا طبی معائنہ کیا گیا 47 لوگوں میں بخار کی علامات تھیں۔کمٹہ میں 36,689گھروں میں سے 4,835 افراد کا معائنہ کیا گیا جن میں سے 51افراد میں بخار موجود تھا۔ہوناور کے 35,283گھروں میں سے 4,542افراد کا معائنہ کیا گیا ان میں سے 61 افردمیں بخار کے علامات پائے گئے۔
بھٹکل کے 31,381گھروں میں سے 2,171افراد کا معائنہ کیا گیا جن میں سے 18لوگوں میں بخار دیکھنے کو ملا۔سرسی کے 48,228گھروں میں سے 4,061افراد کا معانہ ہوا جن میں سے6 1 لوگ بخار میں مبتلا پائے گئے۔یلاپور میں 10,309گھروں میں سے 1,442افراد کا طبی معائنہ ہواجن میں سے 29لوگوں میں بخار موجود تھا۔منڈگوڈ میں 21,245گھروں میں سے 2,038افراد کی جانچ ہوئی جن میں سے 61افراد بخار میں مبتلا پائے گئے۔ہلیال میں 1,690گھروں میں سے 683 کی جانچ کے بعد18لوگوں میں بخار موجود تھا۔جوئیڈا میں 3,026 گھروں میں سے 1,078لوگوں کا معائنہ کیا گیا جس میں 31لوگ بخار میں مبتلا پائے گئے۔سداپور میں 2,967گھروں کا سروے کرکے 3,598کا معائنہ کیا گیا مگر ان میں سے کسی کے اندر بھی بخار کی علامات نہیں پائی گئیں۔
ضلع ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار نے بتایا کہ اس سروے سے معلوم ہوتا ہے کہ ضلع کے عوام مجموعی طور پر صحت مند ہیں۔پھر دس دن بعد اسی طرح کا سروے دوبارہ کیا جائے گا۔ عوام اسی طرح اگر ضلع انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں گے تو کورونا وائرس کی وباء پر جلد ہی قابو پالیا جائے گا۔اور اس ہیلتھ ایمرجنسی کی صورتحال سے ہم سب باہر نکل سکیں گے۔