ڈانڈیلی : مچھلی کا شکار کرنے والا شخص ہوگیا مگرمچھ کا شکار
ڈانڈیلی، 14؍ اگست (ایس او نیوز) کالی ندی کے کنارے مچھلی کے شکار کے لئے بیٹھاہوا سریش تیلی (44 سال) نامی شخص کا کل شام 4 بجے مگرمچھ کا نوالا بن گیا ۔
عینی شاہدین کے مطابق جب سریش ندی کنارے مچھلی کا شکار کرنے بیٹھا تھا تو ندی میں سے اچانک ایک بڑا مگرمچھ سریش پر جھپٹا اور اسے اپنے ساتھ پانی میں گھسیٹ کر لے گیا ۔ اس کے بعد ندی میں لاپتہ ہونے والے سریش کے لئے تلاشی مہم شروع کر دی گئی ۔ پنچایت ذمہ داران اور پولیس افسران و اہلکار تلاشی مہم میں تعاون کر رہے ہیں ۔
بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ دس مہینوں کے دوران مگرمچھ کے ذریعے انسانوں کی ہلاکت کا یہ تیسرا معاملہ ہے ۔ اب اس تازہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوع پر ہزاروں لوگوں کا ہجوم جمع ہوگیا جس پر قابو پانے کے لئے پولیس کو بڑی مشقت کرنی پڑی ۔