کرناٹک بھر میں سادگی کے ساتھ 74 ویں یوم آزادی کی تقریبات منعقد ، کورونا سے صحتیاب ہوئے وزیر اعلی نے ترنگا لہرایا

Source: S.O. News Service | Published on 15th August 2020, 10:19 PM | ریاستی خبریں |

بنگلورو،15؍اگست (ایس او نیوز) کورونا کی وبا کے باعث کرناٹک بھر میں سادگی کے ساتھ 74 ویں یوم آزادی کا جشن منایا گیا۔ بنگلورو کے مانک شاہ پریڈ گراونڈ میں وزیر اعلی بی ایس یدی یورپا نے پرچم کشائی کی ۔ کورونا کے مرض سے صحت یاب ہونے کے بعد وزیر اعلی کا یہ پہلا پروگرام تھا ۔ 7 دنوں تک اسپتال اور 5 دنوں تک گھر میں رہنے کے بعد وزیر اعلی نے پہلی مرتبہ عوامی پروگرم میں حصہ لیا۔ آج صبح 9 بجے یوم آزادی کی مرکزی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے وزیر اعلی یدی یورپا نے ترنگا لہرایا اور ریاست کے عوام سے خطاب کیا ۔ وزیر اعلی نے کورونا کی وبا، بارش اور سیلاب سے ہوئی تباہی ، ریاست کو درپیش چند دیگر مسائل کا اپنے خطاب میں  تذکرہ کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ان مشکلات سے نمٹنے کیلئے حکومت نے کئی اہم اقدامات کئے ہیں۔ وزیر اعلی نے کہا کہ لاک ڈاؤن سے متاثر ہوئے مختلف شعبوں کیلئے 3187 کروڑ روپے کے پیکیج کا حکومت نے اعلان کیا ہے ۔ کورونا سے انتقال کرنے والے کورونا واریئرس کے اہل خانہ کیلئے 30 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا فیصلہ لیا گیا ہے ۔ وزیر اعلی نے کہا کہ لوگ کورونا سے نہ گھبرائیں وہ خود بھی کورونا سے متاثر ہوکر صحت یاب ہوئے ہیں ۔ وزیر اعلی یدی یورپا نے اپنے خطاب میں ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کا بھی ذکر کیا ۔ وزیر اعلی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے قانون کے مطابق بھائی چارے کے ساتھ رام مندر کا سنگ بنیاد رکھا ہے ۔ وزیر اعلی نے کرناٹک کے یاتریوں کیلئے ایودھیا میں ریاستی حکومت کی جانب سے یاتری نیواس تعمیر کرنے کا اعلان کیا ۔ وزیر اعلی یدی یورپا نے کہا کہ حکومت نے ریاست میں قانون،  نظم و ضبط برقرار رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے ہیں۔

دوسری جانب بنگلورو کے تشدد زدہ علاقوں میں بھی مختصر طور پر یوم آزادی کی تقریبات منعقد کی گئیں ۔ یہاں صبح 11 بجے تک دفعہ 144 میں ڈھیل دی گئی تھی ۔ اس وقفہ کے دوران یہاں کے تعلیمی اداروں اور عوامی مقامات پر جشن یوم آزادی کے پروگرام منعقد ہوئے ۔ تشدد کے دوران شرپسندوں کا نشانہ بنے ڈی جے ہلی پولیس اسٹیشن میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی ۔ بانس واڑی کے اے سی پی روی پرساد نے پولیس اسٹیشن کے احاطے میں ترنگا لہرایا ۔ کے جی ہلی میں نوبل میڈیا لنکس نامی ادارے کے تحت ہوئی تقریب میں کرناٹک کے امیر شریعت مولانا صغیر احمد رشادی نے شرکت کی ۔ پرچم کشائی کے بعد مولانا صغیر احمد رشادی نے علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے پر زور دیا ۔ تشدد کے واقعہ کے بعد بڑی تعداد میں ہوئی گرفتاریوں پر بھی امیر شریعت نے تشویش ظاہر کی ۔ انہوں نے حکومت سے درخواست کی کہ اس معاملے میں بے قصوروں کو ہراساں نہ کیا جائے ۔ اگر کوئی بے قصور گرفتار کر لیا گیا ہے تو اس کو فوری طور پر رہا کیا جائے ۔

واضح رہے اہانت رسول صلی اللہ علیہ و سلم کے متعلق فیس بک پر پوسٹ کئے گئے پیام کے خلاف 11 اگست کی رات پر تشدد احتجاج ہوا تھا۔ عوامی املاک کو کافی نقصان پہنچایا گیا۔ پولیس فائرنگ میں مرنے والوں کی تعداد اب چار ہوگئی ہے ۔ پر تشدد احتجاج  کے بعد پولیس نے 250 سے زائد افراد کو گرفتار کیا ہے ۔ کے جے ہلی، ڈی جی ہلی اور کاول بیسندرا علاقوں میں نافذ  دفعہ 144 میں مزید دو دنوں کی توسیع کی گئی ہے ۔

تشدد سے متاثر ٹیانری روڈ کے قریب واقع مناہل ہائی اسکول میں مختصر طور یوم آزادی کی تقریب منعقد ہوئی ۔ اس تقریب میں مسجد حضرت بلال کے خطیب و امام مولانا ذوالفقار علی رضا نوری نے پرچم کشائی کی ۔ مولانا نے کہا کہ ہندو، مسلم، سکھ، عیسائی سب نے ملکر ملک کو انگریزوں سے آزاد کروایا۔ آج چند طاقتیں نفرت اور فرقہ پرستی کے ذریعہ لوگوں میں پھوٹ ڈال رہی ہیں۔ اب ملک کی ترقی کیلئے ایسی طاقتوں کے خلاف ایک بار پھر ہندو اور مسلمانوں کو مل کر تحریک چلانے کی ضرورت ہے ۔

بنگلورو کی سٹی جامع مسجد کے سامنے ہر سال کی طرح اس بار بھی یوم آزادی کی  تقریب منعقد ہوئی ۔ لیکن اس بار حکومت کی ہدایت کے مطابق صرف تعلیمی ادارے کے عہدیداروں اور اساتذہ نے تقریب میں حصہ لیا ۔ جامع العلوم کے سکریٹری سید نورالامین انور نے جھنڈا لہرایا اور عوام کو 74 ویں یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ طلبہ و طالبات کے بغیر یوم آزادی کا جشن منایا جارہا ہے ۔ اس موقع پر سٹی جامع مسجد کے خطیب و امام مولانا مقصود عمران رشادی نے کہا کہ کورونا کی وبا سے آج پوری دنیا پریشان ہے ۔ خاص طور پر تعلیم کا نظام درہم برہم ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالٰی جلد سے جلد اس خطرناک بیماری سے پوری دنیا کو نجات دے۔

ایک نظر اس پر بھی

کانگریس کرناٹک میں لوک سبھا کی 20 سیٹں جیتے گی، وزیر اعلیٰ سدارامیا دعویٰ

کرناٹک کے وزیر اعلیٰ  سدارامیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اس لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کرناٹک کی 28 میں سے 20 سیٹوں پر کامیابی کا پرچم لہرائے گی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس کے تئیں رائے دہندگان کا ردعمل اب تک بہت مثبت رہا ہے۔

بی جے پی کرناٹک حکومت کو دھمکی دے رہی، نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کا سنگین الزام

کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے بی جے پی پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ریاستی حکومت کو دھمکی دے رہی ہے اور لوگوں میں یہ پیغام پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے کہ خراب نظم و نسق کی وجہ سے اب ریاست کی کمان گورنر کے حوالے کر دی جائے گی۔

بی جے پی کانگریس ایم ایل اے کو رقم کی پیشکش کر رہی ہے: وزیر اعلیٰ سدارامیا

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈروں پر الزام لگایا ہے کہ وہ کانگریس کے ممبران اسمبلی کو اپنی حکومت کے قیام کے بعد رقم کی پیشکش کر کے اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔