بھٹکل کےایک نوجوان میں کرونا وائرس کے اثرات پائے جانے کے بعد بھٹکل کے مزید گیارہ لوگوں کی بھی ہوگی جانچ

Source: S.O. News Service | Published on 23rd March 2020, 12:11 AM | ساحلی خبریں |

بھٹکل  22 مارچ (ایس او نیوز) مینگلور وینلاک اسپتال میں گذشتہ تین دنوں سے ایڈمٹ بھٹکل کے ایک نوجوان میں کرونا وائرس کے اثرات پائے جانے کی اطلاع کے بعد نہ صرف تعلقہ انتظامیہ بلکہ ضلعی انتظامیہ بھی پوری طرح ہل گئی  ہے۔ اس دوران  خبر ملی ہے کہ  اتوار شام کو گیارہ مزید لوگوں کی شناخت کرتے ہوئے انہیں جانچ کے لئے بھٹکل سرکاری اسپتال اور مرڈیشور میں قائم خصوصی وارڈس میں لے جایا گیا ہے۔ اس تعلق سے خبر ملی ہے کہ تمام گیارہ لوگوں سے رابط کرکے انہیں خصوصی وارڈس میں روانہ کرنے  قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل نے تعلقہ انتظامیہ کو مکمل تعاون فراہم کیا ہے۔

متعلقہ فلائٹ پر سات بھٹکلی مسافر سوار تھے:  بھٹکل تعلقہ شرالی کے جس  نوجوان میں کرونا وائرس کی مثبت رپورٹ  موصول ہوئی ہے، خبر ملی ہے کہ اس کی فلائٹ پر جملہ 165 مسافر سوار تھے جس میں  سات مسافر بھٹکل کے تھے۔ ایک نوجوان میں کرونا وائرس کے اثرات پائے جانے کی تصدیق ہوتے ہی  بقیہ چھ مسافروں کا بھی بھٹکل میں پتہ لگاکر اُنہیں بھی جانچ کے لئے مرڈیشور میں قائم خصوصی وارڈ میں منتقل کیا گیا ہے۔ 

بتایا گیا ہے کہ فلائٹ مینگلور ائرپورٹ پر  لینڈ ہونے کے بعد دیگر مسافروں کی  طرح بھٹکل کےبھی  تمام مسافروں کی  جانچ کی گئی تھی  اور ان کے ہاتھ میں مینگلور ائرپورٹ کا اسٹامپ لگانے کے ساتھ انہیں ہدایت دی گئی تھی کہ وہ اگلے 14 دنوں تک اپنے اپنے گھروں میں ہی بند رہیں۔ مگر ایک مسافر کی مثبت رپورٹ موصول ہونے کی وجہ سے خبر ملی ہے کہ اب  دیگر تمام مسافروں   کی دوبارہ جانچ ہوگی  جس کے لئے بھٹکل کے چھ مسافروں کو  مرڈیشور میں قائم ایسولیشن وارڈ میں داخل کیا گیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ بھٹکل تعلقہ کے ان چھ مسافروں میں ایک کا تعلق مرڈیشور سے ہے۔

بھٹکل کے مزید پانچ لوگ بھی شک کے دائرے میں:  19/مارچ کو دبئی سے مینگلور  آئی  ایک فلائٹ پر سوار  ایک نوجوان میں  کرونا وائرس کے اثرات پائے جانے کے بعد  مصدقہ ذرائع سے خبر ملی ہے کہ 19/ مارچ سے پہلے دبئی اور  مسقط سے  آئے ہوئے  دیگر پانچ مشتبہ لوگوں کو بھی جانچ کے لئے آج شام بھٹکل سرکاری اسپتال لے جاکر اُن کے خون کے سمپل جانچ کے لئے شموگہ اور ہاسن  روانہ کئے گئے ہیں اور پانچوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے گھروں میں ہی رہیں۔

کرناٹکا  میں کرونا کے نو  تازہ معاملات کے بعد سکینڈ پی یو سی کا اخری پیپر کا امتحان بھی ملتوی:  ریاست کرناٹک میں کرونا میں ایک ساتھ نو تازہ معاملات سامنے آنے کے بعد مینگلور،  بنگلور (شہر)، بنگلور(مضافات)، کلبرگی، کورگ، چکبالاپور، میسور، بیلگام اور دھارواڑ جملہ نو اضلاع میں ایک ایک مریض میں کرونا وائرس  کی  جانچ مثبت پائے جانے کے بعد کل پیر کو ہونے والا سکینڈ پی یوسی  کا آخری پیپر ملتوی کردیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ 31 مارچ کے بعد نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ کرناٹک میں کرونا کی وجہ سے 27/مارچ سے ہونے والے  ایس ایس یل سی امتحانات بھی ملتوی کئے جاچکے ہیں اور نئی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

اوپر بتائے گئے نو اضلاع میں ایک ایک کرونا پوزیٹیو  رپورٹ آنے کے بعد تمام نو اضلاع میں مکمل بند منائے جانے کا بھی اعلان کیا گیا ہے، اس تعلق سے بتایا گیا ہے کہ تمام نو اضلاع میں 31 مارچ تک  عوامی جگہیں اور کاروباری ادارےمکمل طور پر بند رہیں گے۔عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ گھروں سے باہر نہ نکلیں، سیر و تفریح کے لئے بھی نہ جائیں، بہت زیادہ ضرورت ہونے پر ہی بازار وغیرہ جاسکتے ہیں۔

تازہ واقعے کے بعد پوری ریاست میں ہلچل مچ گئی ہے اور ہرکوئی  کرونا وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے ہرممکن تدابیر اختیار کرنے اور انتظامیہ کے ساتھ  مکمل تعاون فراہم کرنے تیار ہے۔

پریس کانفرنس:  بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر بھرت نے بھی بھٹکل کے ایک نوجوان میں کرونا کے اثرات پائے جانے کی اطلاع ملتے ہی پریس کانفرنس کا انعقاد کرتے ہوئے  عوام الناس پر زور دیا  کہ وہ  اس وائرس کو مزید پھیلنےسے روکنے کے لئے انتظامیہ کےساتھ مکمل تعاون کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھٹکل کے عوام کو خوف و  ہراس میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ متعلقہ نوجوان کو مینگلور ائرپورٹ سے ہی سیدھے وینلاک اسپتال منتقل کیا گیا تھا اور اُس کے خون کو جانچ کے لئے روانہ کرنے کے بعد  اُسے خصوصی وارڈ میں رکھا گیا تھا۔ اس بنا پر بھٹکل کے عوام کو خوف کھانے کی ضرورت نہیں ہے۔

بھٹکل کے نوجوان کو کیوں داخل کیا گیا تھا وینلاک اسپتال:   خبر ملی ہے کہ بھٹکل کے جس نوجوان میں کرونا وائرس کے اثرات پائے گئے ہیں وہ 19/ مارچ کو مینگلور ائرپورٹ پر اُترا تھا،  ذرائع نے بتایا کہ  کرونا وائرس کی جانچ کرنے والی ٹیم نے جب اس کی جانچ کی تو  پتہ چلا کہ اسےبخار ہے اور کھانس بھی رہا ہے، البتہ اس کے ساتھ اس کی فلائٹ پر آئے ہوئے دیگر بھٹکلی مسافر  نارمل تھے، اس لئے اس نوجوان کو مشکوک حالت میں وینلاک اسپتال کے خصوصی وارڈ میں داخل کیا گیا اور اس کے سیمپل جانچ کے لئے روانہ کئے گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ آج اتوار صبح اس کی رپورٹ موصول ہوگئی تھی  جو پوزیٹیو نکلی،  جس کے بعد متعلقہ نوجوان کا دوسرا  ٹیسٹ بھی لیا گیا اورجانچ کے لئے سیمپل بنگلور روانہ کئے گئے مگر وہاں سے بھی رپورٹ پوزیٹیو نکلی، اس طرح  مکمل تصدیق کے بعد رپورٹ کو ڈپٹی کمشنر کے حوالے سونپا گیا، جنہوں نے شام کو یہ اطلاع میڈیا کو دی۔

وائرس سے متاثرہ نوجوان کے  تعلق سے یہ بات بھی  بتائی جارہی ہے کہ متعلقہ نوجوان کی عمر چونکہ صرف  22 سال ہے، اس لئے اس نوجوان کو زیادہ خطرہ نہیں ہے کیونکہ  کرونا وائرس زیادہ تر عمر رسیدہ لوگوں کو ہی اثر کرتا ہے۔ڈاکٹروں کی مانیں تو  نوجوانوں میں قوت مدافعت زیادہ ہونے کی وجہ سے اُنہیں جلد شفایابی ہونے میں بھی آسانی ہوتی ہے۔

ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ بھٹکل کے اس نوجوان کے ساتھ  اسپتال کے خصوصی وارڈ میں  اُس کا ایک قریبی رشتہ دار بھی مقیم تھا، جو اُسے مینگلور ایرپورٹ سے شرالی لے جانے کے لئے ائرپورٹ پہنچا تھا مگر نوجوان کوجانچ کے لئے اسپتال میں داخل کرنے کی وجہ سے وہ بھی اُس کے ساتھ اُسی اسپتال میں  رہ  رہا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ دونوں ایک ہی کمرے میں رہتے تھے۔ اب دبئی سے آئے ہوئے نوجوان میں کروناوائرس کے اثرات پائے جانے کی اطلاع کے بعد اُس نوجوان کی بھی جانچ ہورہی ہے، یہ بھی پتہ لگایا جارہا ہے کہ ساتھی نوجوان اس درمیان کس کس کے رابطے میں تھا۔

خبر ملی ہے کہ مسقط سے دبئی ہوتے ہوئے مینگلور پہنچنے والا نوجوان مسقط میں دو سال سے ایک برانڈیڈ واچ کمپنی میں ملازمت کرتا تھا، وطن لوٹنے سے قریب دس پندرہ دن پہلے ہی دبئی آیا تھا اور 19 مارچ کو دبئی سے اسپائس جیٹ فلائٹ پر  مینگلور کے لئے روانہ ہوا تھا۔

ایک نظر اس پر بھی

بھٹکل، ہوناور، کمٹہ میں سنیچر کے دن بجلی منقطع رہے گی

ہیسکام کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ہوناور، مرڈیشور اور کمٹہ سب اسٹیشنس کے علاوہ مرڈیشور- ہوناور اور کمٹہ - سرسی 110 کے وی لائن میں میں مرمت ، دیکھ بھال،جمپس کو تبدیل کرنے کا کام رہنے کی وجہ سے مورخہ 20 اپریل بروز سنیچر صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک بھٹکل، ہوناور اور کمٹہ تعلقہ ...

اڈپی - چکمگلورو حلقے میں عمر رسیدہ افراد، معذورین نے اپنے گھر سے کی ووٹنگ

جسمانی طور پر معذوری اور عمر رسیدگی کی وجہ سے پولنگ اسٹیشن تک جا کر ووٹ ڈالنا ممکن نہ ہونے کی وجہ سے 1,407 معذورین اور 85 سال سے زیادہ عمر کے 4,512 افراد نے   کرنے کے بجائے اپنے گھر سے ہی ووٹنگ کی سہولت کا فائدہ اٹھایا ۔ 

بھٹکل میں کوآپریٹیو سوسائٹی سمیت دو مقامات پر چوری کی واردات

شہر کے رنگین کٹّے علاقے میں واقع ونائیک کو آپریٹیو سوسائٹی کے علاوہ دیہی پولیس تھانے کے حدود میں ایک دکان اور مرڈیشور بستی مکّی کے ایک سروس اسٹیشن میں سلسلہ وار چوری کی وارداتیں انجام دیتے ہوئے لاکھوں روپے نقدی لوٹی گئی ہے ۔

بھٹکل میں امسال ایک لاکھ دو ہزار کلوسے بھی زائد فطرہ چاول تقسیم

مرکزی فطرہ کمیٹی بھٹکل   کے زیر اہتمام بھٹکل میں امسال   ایک لاکھ دو ہزار کلوسے زائد چاول جمع ہوا اور عیدالفطر کی رات ہی اس کی تقسیم عمل میں آئی، اس سلسلہ میں بھٹکل،ہوناور وکمٹہ،شیرور وآس پاس میں 57حلقے بنائے گئے تھے،جہاں مختلف محلوں سے جمع شدہ فطرہ کی تقسیم عمل میں آئی