بھٹکل: وزیر منکال وئیدیا نےانوکھے انداز میں منایا جنم دن؛ پچاس غریب بچوں کو گود لینے کے ساتھ یتیم خانہ اور اولڈ ایج ہوم قائم کرنے کا اعلان

بھٹکل 5 جون (ایس او نیوز) کرناٹک میں سدرامیا کی قیادت والی کانگریس حکومت نے بھٹکل ۔ہوناور اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی منکال وئیدیا کے51 ویں سالگرہ کے موقع پر کابینی وزیر کا بمپر عطیہ دیا تو وزیر بننے کے بعد پیر کو مرڈیشور میں اپنی رہائش گاہ پر اپنے جنم دن کو انوکھے انداز میں مناتے ہوئے حلقہ کے غریب عوام کو بمپر عطیہ دینے کا اعلان کیا ۔
نابینا بچوں، اسکولی طلباء، اپنے اہل خانہ اورکانگریس کارکنوں کے درمیان اپنے جنم دن کی انوکھی تقریب کا انعقاد کرتے ہوئے منکال وئیدیا نے اعلان کیا کہ وہ اپنے حلقہ کے پچاس غریب بچوں کو گود لیں گے، اُنہیں اُن کی مرضی کے مطابق تعلیم دلائیں گے، اسی طرح اپنے حلقہ میں ایک یتیم خانہ اور ایک اولڈ ایج ہوم قائم کریں گے۔
سالگرہ کا کیٹ کاٹنے کے بعد اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے منکال وئیدیا نے بتایا کہ میں نے اپنی زندگی کے پچاس سال پورے کئے ہیں، میں غریبوں کےساتھ رہنا چاہتاہوں۔میں نے سیاست میں قدم ہی اسی لئے رکھا ہے کہ غریبوں کےلئے کچھ کرسکوں۔ اس دن سے لے کر آج تک میں غریبوں کی مدد کرتا آیا ہوں۔منکال وئیدیا نے بتایا کہ آج بھی سینکڑوں بچے ان کے تعاون سے تعلیم حاصل کررہے ہیں، ان میں بعض بچے بیرونی ممالک میں بھی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ آج جب میں اپنی زندگی کے پچاس سال مکمل کرچکا ہوں تو چاہتا ہوں کہ پچاس غریب بچوں کو گود لے کر اُنہیں اُن کی پسند کی تعلیم دلائوں۔ یتیم خانہ قائم کرنے کے تعلق سے منکال وئیدیا نے واضح کیا کہ جہاں یتیم بچے رہیں گے میں بھی ان ہی کے ساتھ رہوں گا۔ اسی طرح اولڈ ایج ہوم قائم کرکےخود بھی اپنا زیادہ وقت بڑوں اور بزرگوں کے ساتھ بتانا چاہتا ہوں۔ منکال وئیدیا نے کہا کہ میرے یہ تینوں اہم مقاصد غریب اور عام لوگوں کےلئے ہیں۔
منکال نے کہا کہ میرے حلقہ کے جو بھی غریب لوگ تعلیم حاصل کرناچا ہتے ہیں وہ ہم سے رابطہ کرے تاکہ میں ان کی تعلیم کی خواہش پوری کرسکوں۔ اس کے لئےصرف ایک ہی شرط ہے کہ وہ پڑھنے کا شوقین ہو۔ منکال وئیدیا نے بتایا کہ غریبوں کے بچے پڑھنا چاہتے ہیں لیکن انہیں موقع نہیں ملتا اور نہ ہی کوئی سہولت ملتی ہے۔ لیکن میں اُن کے لئے ایک سہارا بن کر ان کی تعلیم کو تکمیل تک پہنچانا چاہتا ہوں۔
منکال وئیدیا نے اس موقع پر بھٹکل کے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جن کے ووٹوں سے انہیں کامیابی ملی، انہوں نے کہا کہ میں اپنے حلقہ کے تمام لوگوں کے لئے تو کام کروں گا ہی، ضلع اور ریاست کے غریب لوگوں کے بھی کام آوں گا۔
اس موقع پر ان کی اہلیہ پشپالتاوئیدیا، بیٹی بینا ویدیا، بھٹکل بلاک کانگریس صدر وینکٹیش نائک، سینئر لیڈر ایل ایس نائک اور بہت سے دیگر کارکنان موجود تھے۔