بھٹکل 26/مئی (ایس او نیوز) مینگلور اسپتال لنک کے جن 29 لوگوں کو کاروار کمس اسپتال میں ایڈمٹ کیا گیا تھا، اُس میں سے 20 لوگوں کو سنیچر کے دن اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تھا ، اُن ہی میں سے مزید چار لوگوں کو بھی آج منگل کو کمس سے ڈسچارج کیا گیا ہے۔ چاروں بذریعہ ایمبولنس آج شام بھٹکل سرکاری اسپتال پہنچے جہاں سے ضروری ہدایات کے بعد چاروں کو گھر جاکر کورنٹائن کرنے کی ہدایت دی گئی۔
ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ آج جو چار لوگ صحت یاب ہوکر بھٹکل پہنچے ہیں، اُن میں ایک 68 سالہ شخص، اس کی ایک بیٹی سمیت ایک 30 سالہ خاتون اور ایک 17 سالہ لڑکی بھی شامل ہے۔ بتایا گیا ہے کہ 30 سالہ خاتون اپنے ساتھ اپنے چار پانچ ماہ کی بچی کو بھی ساتھ میں لے کر گئی تھی۔ آج وہ اپنی بچی کے ساتھ ہی صحت یاب ہوکر واپس لوٹی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ مینگلور لنک والے جو دیگر لوگ کمس اسپتال میں موجود ہیں ، اُن میں سے تین لوگوں کی رپورٹ بھی کورونا نیگیٹو آچکی ہے مگر وہ اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ واپس آنے کے لئے اُن کی بھی نیگیٹو رپورٹس موصول ہونے کے انتظار میں ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ دیگر لوگوں کی رپورٹس نیگیٹو موصول ہونے کے بعد تمام لوگ ایک ساتھ اگلے دو تین دنوں میں ڈسچارج ہوکر بھٹکل آنے کے امکانات ہیں۔