وجے پور میں پیش آئے المناک سڑک حادثہ میں چار کی موت ؛ راستہ پار کرنے کے دوران تیز رفتار بائیک نے ماری ٹکر
وجئے پور 6 ستمبر (ایس او نیوز)سڑک پار کرنے کے دوران تیز رفتار بائک کی ٹکر میں بائک سوار سمیت چار لوگ ہلاک ہوگئے جبکہ تین دیگر شدید زخمی ہوگئے جنہیں قریبی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ حادثہ جمعرات کی دیر رات مُدے بِہال تعلقہ کے کونٹوجی دیہات میں پیش آیا۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب کونٹوجی جاترا کا ثقافتی پروگرام دیکھنے کے بعد واپس لوٹنے کے دوران سات افراد نے اپنی گاڑی سڑک کے کنارے روکی اور پیشاب کرنے کے لیے سڑک پار کر نے کی کوشش کی، جس کے دوران تیز رفتاری سے آرہی موٹر سائیکل نے سڑک عبور کرنے والے لوگوں کو ٹکر مار دی۔ حادثے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ تین لوگوں نے موقع پر ہی دم توڑ دیاجبکہ ایک شخص اسپتال پہنچنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔
بعض کنڑا میڈیا میں آئی رپورٹوں کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب جاترا میں بائک وہیلنگ یا بائک اسٹنٹ کے دوران بائک ایک گروپ پر چڑھ گئی جو پیشاب کرنے کے لئے سڑک کنارے کھڑے تھے۔
مرنے والوں کی شناخت بائک ڈرائیونگ کرنے والا تالی کوٹے کا رہائشی نیِنگا راج چودھری (22)، بائک کی پچھلی سیٹ پر سوار دیورہیپّرگی کا رہائشی انل ایم کھینور (23)، روڈ پار کرنے والے مُدیبہال کے اُودے کمار پیاٹی (19) اور رائپّا مہانتپّا باگے واڑی (24) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ رائپّا نے باگلکوٹ ضلع اسپتال میں داخل ہونے کے بعد دم توڑ دیا، جبکہ دیگر تین لوگ جائے وقوع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
حادثے میں زخمی ہونے والوں میں شاہد ہونگوند (19)، پرشانت ایچ (16) اور ہنومنتا (18) شدید زخمی ہوئے ہیں اور تینوں کو باگلکوٹ ضلعی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
اس ضمن میں مُدیبہال پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے اور پولس چھان بین کررہی ہے۔