بھٹکل 26 جنوری (ایس او نیوز) بھٹکل جالی روڈ سے بندرروڈ کے راستے نستار جانے کے دوران ایک آٹو رکشہ بے قابو ہوکر قریب 20 فٹ گہری کھائی میں جاگرا، لیکن اللہ کا شکر یہ ہوا کہ آٹو پر سوار تمام لوگ معمولی زخموں کے ساتھ بال بال بچ گئے۔ حادثہ جمعرات شام قریب چھ بجے ڈونگرپلّی، درگاہ کے اوپری حصہ میں پیش آیا۔
بتایا گیا ہے کہ جالی روڈ کے شاہ بندری محمد سالم کی اہلیہ رُومانہ اپنے بچوں کے ساتھ نستار میں واقع اپنی نانی کے گھر جارہی تھی، جس کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔ حادثے میں اس کی پیٹھ کو چوٹ لگی ہے، دُختر ارویٰ اور فرزند سارب کے ساتھ ساتھ آٹو رکشہ ڈرائیور مخدوم کالونی کے عبدالشکور خان کو بھی چوٹیں آئی ہیں، مگر اللہ کی قدرت کہ کھائی میں گرنے کے باوجود ہلکی چوٹوں کو چھوڑ کر تمام لوگ محفوظ رہے۔
لوگوں نے بتایا کہ تیز رفتاری کے باعث آٹو پلٹی کھاتے ہوئے سیدھے پہاڑی راستے سے نیچے کھائی میں جاگرا۔ یہ تو اچھا ہوا کہ جھاڑیاں ہونے کی وجہ سے آٹو مزید نیچے گہرائی میں جانے سے بچ گیا ۔ حادثہ میں آٹو کو کافی نقصان پہنچا ہے۔
بھٹکل ٹاون پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔