مینگلور کے قریب بنٹوال میں بھیانک سڑک حادثہ؛ بھٹکل کے ایک ہی خاندان کے چار افراد ہلاک، سات زخمی؛ مرنے والوں میں دلہا بھی شامل
بھٹکل 19/جولائی (ایس او نیوز) مینگلور کے قریب بنٹوال میں آج جمعہ صبح پیش آئے ایک بھیانک سڑک حادثے میں بھٹکل کے ایک ہی خاندان کے چار افراد ہلاک ہوگئے جبکہ سات دیگر شدید زخمی ہوگئے ۔ مرنے والوں میں دلہا بھی شامل ہے جبکہ دلہن کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب ایک کار، جس پر یہ سبھی لوگ سوار تھے، مخالف سمت سے آنے والی ٹینکر سے تیز رفتاری کے ساتھ ٹکراگئی۔
ذرائع سے ملی ا طلاع کے مطابق گیس سے بھری ٹینکر مینگلور سے بنگلور کی طرف جارہی تھی جبکہ کار دھرمستھلا سے بھٹکل آرہی تھی، بنٹوال تعلقہ کے برہمّر کوٹلو ٹول گیٹ کے قریب نیشنل ہائی وے پر یہ حادثہ پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ کار پر گیارہ لوگ سوار تھے جس میں سے چار لوگ ہلاک ہوگئے جبکہ سات لوگ شدید زخمی ہوئے ہیں جنہیں مینگلور کے اے جے اسپتال، سٹی اسپتال، فادر مولر و دیگر اسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے۔
مرنے والوں کی شناخت، ہیبلے گاندھی نگر کے گوند موگیر (55)، اس کی اہلیہ پدماوتی موگیر(50)، ان کا بیٹا ناگراج موگیر (24) اورکریکل کے رہنے والے گنیش موگیر کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ زخمیوں میں دو کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔
اطلاع کے مطابق گنیش موگیر اور جیوتی موگیر کی ایک ماہ قبل ہی شادی ہوئی تھی۔ گنیش کا تعلق کریکال سے اور جیوتی کا تعلق گاندھی نگر سے ہے۔ ان دو گھرانوں کے افراد ایک کار پر سوار پوجا پاٹ کی رسم ادا کرنے کولّور، سبرامنیا اور دھرمستھلا گئے تھے اور غالباً پوجا پاٹ کے بعد دھرمستھلا سے واپس بھٹکل لوٹ رہے تھے جس کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔ مرنے والوں میں دلہا گنیش موگیر بھی شامل ہے، جبکہ دلہن جیوتی موگیرحادثے میں شدید زخمی ہوئی ہے اور اس کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔
دیگر زخمیوں میں دو معصوم بچوں کی شناخت یشونی اور ورشاکی حیثیت سے کی گئی ہے ، جبکہ ایک اور گنیش موگیر نامی شخص سمیت شیوانند موگیر اور یمونا موگیر بھی شدید زخمی ہوئے ہیں۔ کار ڈرائیور راجیش کے تعلق سے بتایا گیا ہے کہ اُس کے ایک ہاتھ کو چوٹ لگی ہے اور وہ معمولی زخموں کے ساتھ محفوظ ہے۔
ٹکر سے کار کے پرخچے اُڑ گئے اور جگہ جگہ خون کے چھینٹے پڑے ہوئے پائے گئے۔حادثے کے فوری بعد جائے وقوع پر بنٹوال ٹریفک پولس پہنچ گئی اور مقامی لوگوں کی مدد سے دونوں سواریوں کو الگ کیا، کافی کوششوں کے بعد کار کے اندر پھنسے زخمیوں کو باہر نکال کر فوری طور پر قریبی اسپتال پہنچایا گیا۔ اس موقع پر کثیر تعداد میں لوگ بھی جمع ہوگئے تھے، جبکہ نیشنل ہائی وے پر دونوں طرف سواریوں کی لمبی قطار لگ گئی تھی اور ٹریفک نظام بری طرح متاثر ہوا تھا۔
مقامی لوگوں کی مدد سے بنٹوال ٹریفک پولس نے سڑک کو سواریوں کے لئے صاف کیا۔
بنٹوال پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔