ممبئی سمیت مہاراشٹرا میں بارش کا قہرجاری، پونے اور ملاڈمیں دیوار گرنے سے کئی لوگوں کی موت، ہوائی سفر بری طرح متاثر ، عام زندگی مفلوج

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 3rd July 2019, 11:05 AM | ملکی خبریں |

ممبئی،3؍جولائی (ایس او نیوز) عروس البلاد ممبئی 44سال میں دوسری بار ہوئی بھاری بارش سے بے حال ہوگئی ہے جس میں کئی علاقوں میں دیواریں گرنے سے کئی لوگوں کی موت واقع ہونے کی اطلاعات ہیں۔ بارش نے ایک طرف عام زندگی مفلوج کرکے رکھ دی ہے، وہیں  ٹرین سروس کے ساتھ ساتھ  ہوائی سروس بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ گذشتہ   چنددنوں کے دوران ممبئی میں ہونے والی بارش کے سبب عام شہریوں کی زندگی بے حال ہوچکی ہے،پچھلی جمعہ سے شہراور قرب وجوار میں بھی بارش کاسلسلہ جاری ہے،جس  کی وجہ سے حکومت نے عام تعطیل کا اعلان کیا ہے ، بھاری بارش کو دیکھتے ہوئے  اسکول اور کالج بند کردیئے گئے ہیں اور امتحان ملتوی کردیئے گئے ہیں - بارش نے شہر کی رفتار بھی روک دیا ہے  اور لوگوں کو گھروں میں خود کو قید کرنے پر مجبور کردیا ہے -منگل کے بعد آج بدھ کو ویسے تو بارش میں کمی آئی ہے مگر رُک رُک کر بارش کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ 

محکمہ موسمیات نے  24گھنٹووں میں شہر میں 375.3ملی میٹر بارش ریکارڈ کئے جانے کی اطلاع دی ہے جوکہ گزشتہ44برسوں  میں 24گھنٹوں میں ہونے والی دوسری سب سے زیادہ بارش ہے -ممبئی کے پڑوسی شہر تھانے ریجنل ڈیزاٹر مینجمنٹ سیل کو24گھنٹوں میں 94شکایات ملی ہیں، جس کے مطابق تقریباً 13درخت اور ان میں سے3شاخیں گرنے سے نقصانات ہوئے ہیں - ممبئی میں بارش نے زمینی زندگی متاثر کی ہے،وہیں آسمان میں پروازوں پر بھی اثر پڑا ہے، اگرچہ ممبئی ہوائی اڈہ بند نہیں ہوا ہے، لیکن کچھ پروازوں کو گوا میں منتقل کر دیا گیا ہے، اب تک،52پروازوں کو منسوخ کر دیا گیا ہے جبکہ54 طیاروں کے راستے تبدیل کئے گئے ہیں -

ممبئی میں بھاری بارش کی وجہ سے ممبئی یونیورسٹی نے امتحان ملتوی کردیئے ہیں، ممبئی یونیورسٹی کے آئی ڈی او ایل (فاصلے اور اوپن لرننگ انسٹی ٹیوٹ) نے بی ایس سی کمپیوٹر سائنس پہلے اور دوسرے سال کے امتحانات ملتوی کردئے ہیں۔ممبئی کے قرب وجوار سمیت پونے،کوکن اور رائے گڑھ میں میں بارش کا قہر جاری ہے اور شمال مغربی ممبئی کے ملاڈ علاقہ میں ایک رہائشی عمارت کے احاطہ کی دیوار منہدم ہونے کی وجہ سے20مکین ہلاک ہوگئے50کو زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا ہے -

قریبی شہر کلیان میں ایک اردواسکول کی عمارت منہدم ہوگئی اور ملبہ متصل مکانات پر گرنے سے چار کی موت واقع ہوگئی جبکہ پونے میں تین روز میں پیش آئے دوسرے واقعہ میں دیوار گرنے سے متعدد افراد ہلاک ہوئے ہیں -ممبئی شہر،تھانے،رائے گڑھ اور پال گھر ضلع میں حکومت نے ہائی الرٹ کے ساتھ ہی آج عام تعطیل کا اعلان کردیا ہے،دفاتر،اسکول اور کالج میں چھٹی دے دی گئی،پونے میں دوروز قبل اسی طرح دیوار منہدم ہونے سے15مزدورہلاک ہوئے تھے -

ملاڈ اور کرلا میں سیلابی صورت حال ہے اور ملاڈ میں 301ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی ہے،ممبئی ایئرپورٹ کا رن وے بند کردیا گیاہے اور55پرازوں کو دوسرے شہروں کی سمت میں موڑدیا گیا ہے جبکہ پچاس پروازیں منسوح کردی گئی ہیں،محکمہ موسمیات کے مطابق بحرعرب سے مغربی سمت سے بادلوں نے جنوبی گجرات اورمتصل علاقوں کا رُخ کیا ہے -صرف ممبئی میں 24گھنٹے میں دوسوایم ایم سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے،وزیراعلیٰ دیویندرفڈنویس نے بی ایم سی صدردفتر میں ڈسٹارمینجمنٹ شعبہ کا دورہ کیا اور کمشنر پروین پردیسی سے تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پولیس کو بھی الرٹ رکھا گیا ہے -اس سیلابی صورتحال کے لیے ممبئی کے اسٹارم واٹر ڈرائن ڈپارٹمنٹ کو ذمہ دارقراردیا گیا ہے -بیسٹ کمپنی کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں 153بسیں پانی میں پھنسی ہوئی ہیں جبکہ بسوں میں مسافروں کی کمی کے سبب کئی روٹ پر بسوں کو بند کردیا گیا جبکہ گزشتہ شب ممبئی پولیس کو 1700-1600ٹوئیٹ موصول ہوئے ہیں -جوہو کا ایئرپورٹ بند کردیا گیا ہے اور رن وے پر بڑی بڑی مچھلیاں تیر رہی ہیں جنہیں فائرعملے نے پکڑلیا ہے -

شیوسینا کے ترجمان سنجے راوت کا کہنا ہے کہ بھاری بارش کے نتیجے میں راستے تالاب میں تبدیل ہونے کے لئے بی ایم سی نہیں بلکہ غیر قانونی تعمیرات ذمہ دارہیں اور بی ایم سی کچھ نہیں کرسکتی -وزیراعلیٰ دیویندر فڈنویس نے شتابدی اسپتال پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی اور مہلوکین کے ورثا کو پانچ پانچ لاکھ کی عبوری امدادکا اعلان بھی کیا-

بارش سے منگل کو ٹرینوں کی آمدورفت بھی متاثر ہوئی تھی  اور دادراسٹیشن پر ہزاروں مسافر طویل مسافتی اور لوکل ٹرینوں کے منتظر نظرآرہے تھے، مگر آج بدھ کو بارش کی رفتار میں کمی آجانے کے بعد ریلوے سروس بحال کردی گئی ہے  ۔

باندرہ میں نرملانکیتن کے احاطہ کی دیوار منہدم ہوگئی -ممبئی کے سانتاکروز میں 375.2ایم ایم اور بوریولی،گھاٹ کوپر،چمبوراور پوائی میں بالترتیب 402,420,380,380ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ کرلا کالینہ اور واکولہ میں ایئرانڈیا اور پولیس کالونی کو خالی کرالیا گیا ہے اور بحریہ کے جوانوں کشتیوں کے ساتھ لوگوں کی مددکررہے ہیں،یہاں کی میٹھی ندی میں سیلابی صورتحال ہے -کلیان میں نیشنل اردواور انگلش اسکول کا حصہ منہدم ہونے سے تین افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک زخمی کو اسپتال میں داخل کیا گیا ہے -

شہر میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے مگر اب بارش رُک رُک کر ہورہی ہے ، بتایا جارہا ہے کہ  بارش  مزید دوتین دنوں تک جاری رہے گی-آس پاس کے علاقوں میں وسئی،نالاسوپارہ،ویراراور ویترنا علاقے میں سیلابی صورتحال ہے،متعددٹرینوں کو منسوخ یا بیرونی اسٹیشنوں پر روک دیا گیا ہے -پولیس اور فائر بریگیڈ ذرائع کے مطابق مضافاتی علاقہ ملاڈ کے مشرق میں واقع پمپری پاڑہ میں ایک احاطہ کی دیوار متصل جھوپڑابستی کے جھوپڑوں پر گرنے کے نتیجے میں اتنی موتیں واقع ہوئی ہیں اور اندیشہ ہے کہ ملبے میں لوگ دبے ہوئے ہیں،این ڈی آرایف کے جوان جائے حادثے پر پہنچ چکے ہیں -زخمیوں کو شتابدی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے،اتوار سے جاری بارش کا سلسلہ پیرکی شب میں دوبارہ زورپکڑگیا اور رات بھر ہونے والی بارش نے ممبئی میں سیلابی صورتحال پیدا کردی ہے،ممبئی کے نشیبی علاقوں میں جگہ جگہ پارنی جمع ہوگیا ہے اور موٹرگاڑیاں ڈوب گئی ہیں -بتایا جاتا ہے کہ جزیرہ نماشہر کے بجائے مضافاتی علاقے بُری طرح متاثر ہوئے ہیں،جہاں گزشتہ دودہائیوں سے تعمیراتی کام جاری ہے اور منصوبہ بندی نہ ہونے کے سبب ان علاقوں کو متاثر کیا ہے-

ایک نظر اس پر بھی

مدھیہ پردیش اور مرکز کی بی جے پی حکومت خاتون، نوجوان اور کسان مخالف: جیتو پٹواری

 مدھیہ پردیش میں لوک سبھا انتخابات کی مہم زور پکڑ رہی ہے۔ کانگریس قائدین کی موجودگی میں شہڈول پارلیمانی حلقہ کے امیدوار پھندے لال مارکو اور منڈلا کے امیدوار اومکار سنگھ مرکام نے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے۔ اس موقع پر کانگریس لیڈروں نے کہا کہ ریاستی اور مرکزی حکومتیں ...

عدلیہ کی سالمیت کو خطرہ قرار دیتے ہوئے 600 وکلا کا چیف جسٹس آف انڈیا کو مکتوب

عدالتی سالمیت کے خطرے کے حوالے سے ہندوستان بھر کے ۶۰۰؍ وکلاء جن میں ایڈوکیٹ ہریش سالوے اور بار کونسل آف انڈیا کے چیئرمین منن کمار شامل ہیں نے چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندرچڈ کو مکتوب لکھا ہے۔ وکلاء نے ’’مفاد پرست گروہ‘‘ کی مذمت کی ہے جو عدالتی عمل میں ہیرا پھیری، عدالتی ...

ملک کی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کے پاس الیکشن لڑنے کے لیے پیسے نہیں!

ملک کے خزانے کا حساب و کتاب رکھنے والی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کے پاس الیکشن لڑنے کے لیے پیسے نہیں ہیں۔ یہ انکشاف انہوں نے خود ہی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی صدر جے پی نڈا نے مجھ سے لوک سبھا الیکشن لڑنے کے بارے میں پوچھا تھا مگر انہوں نے انکار کر دیا کیونکہ ان کے پاس الیکشن ...

مہوا موئترا نے ای ڈی کے سمن کو کیا نظر انداز، کرشنا نگر میں چلائیں گی انتخابی مہم

 ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) لیڈر مہوا موئترا نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے سمن کو نظر انداز کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج کرشنا نگر لوک سبھا حلقہ میں انتخابی مہم چلائیں گی۔ انہیں دہلی میں ای ڈی کے دفتر میں پوچھ گچھ کے لیے حاضر ہونے کو کہا گیا تھا۔

دہلی میں شدید گرمی، درجہ حرارت 37 ڈگری سیلسیس تک پہنچا

 دہلی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافہ درج کیا جانے لگا ہے اور مارچ میں ہی گرمی نے اپنا زور دکھانا شروع کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو قومی راجدھانی میں رواں سال کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا۔ دریں اثنا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سیلسیس تک پہنچ ...