ٹریکٹر پریڈ کی تیاری: 30 ہزار ٹریکٹر ٹکری ، سنگھو اور غازی پور بارڈر پہنچے ، رکاوٹیں ہٹالی گئیں
نئی دہلی، 25جنوری (آئی این ایس انڈیا) کسانوں کی تنظیموں اور دہلی پولیس کے 26 جنوری کو ٹریکٹر پریڈ پر مبینہ اتفاق کے بعد سنگھو اور ٹکری بارڈر پر ٹریکٹر مارچ کی تیاریاں زوروں پر ہیں۔ پنجاب اور ہریانہ سے ٹریکٹروں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق پیر کی صبح تک تقریباً 30 ہزار ٹریکٹر ٹکڑی، سنگھو اور غازی پور کی سرحد میں داخل ہوچکے ہیں۔ کسان لیڈروں کا دعویٰ ہے کہ 26 جنوری کی صبح تک دس لاکھ ٹریکٹر آ جائیں گے۔اتوار کی شام اس کے روٹ پر اتفاق رائے کے بعد دہلی پولیس نے ٹکری بارڈر سے دہلی کی طرف آنے والی سڑک پر ایک طرف سے بیری کیڈنگ ہٹا لی ہے۔جائے احتجاج سے تقریباً ایک کلومیٹر آگے سیمنٹ کی رکاوٹیں اور لوہے کے بڑے کنٹینرز کو ہٹا کر سڑک صاف کردیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں دہلی پولیس اور سی آر پی ایف اہلکاروں نے بھی طے شدہ روٹ پر حفاظتی انتظاما سنبھال لئے ہے۔ مارچ میں ٹریکٹروں کی سب سے زیادہ تعداد دہلی سے ٹکری بارڈر پر آئے گی، یہی وجہ ہے کہ یہاں کا انتظام پہلے سے زیادہ مستعد ہے۔وہیں پولیس نے بھی ایک شرط رکھی ہے کہ تین سے زیادہ افراد ٹریکٹر پر نہیں بیٹھیں گے۔ کسان تنظیمیں اور پولیس دوسری چیزوں کا فیصلہ کرنے کے لئے پیر کوبھی ملاقات کریں گے۔
26 جنوری کو ٹکری سے دہلی جانے والے راستے پر ٹریکٹر ریلی کے دوران سکیورٹی اہلکار اور کسانوں کے علاوہ کوئی اور حائل نہیں ہوگا۔ پولیس افسر کے مطابق 25 جنوری کی شام کوہی تمام دکانیں احتیاطاً بند کروادی جائیں گی۔ ٹکری بارڈر کے آس پاس کسان جہاں جمع ہوئے ہیں، وہ رہائشی علاقہ ہے۔ لہٰذا یہاں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پریڈ کے شیڈول روٹ کے علاوہ آس پاس کی سڑکوں پر بھی ڈائیورژن کا پلان تیار کیا گیا ہے۔