منگلورو:پی ایف آئی کے ذریعے باوقار طریقے سے کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تدفین۔ میڈیا میں ہورہی ہے ستائش
منگلورو،6؍جولائی (ایس او نیوز) آج جبکہ ریاست کے کئی مقامات پر کورونا سے موت کا شکار ہونے والوں کی میت دفن کرنے یاغیر مسلموں میں چتا پر جلانے کے سلسلے میں بڑی دشواریاں پیش آ رہی ہیں اور سرکار ی طورپر اس کام کے لئے تعینات کیے گئے کارندوں کی طرف سے غیر انسانی طریقے سے لاشوں کو گڈھوں میں پھینکنے کی ویڈیو کلپس وائرل ہورہی ہیں۔
ایسے ماحول میں پا پولر فرنٹ آف انڈیا کے تربیت یافتہ نوجوانوں کی ٹیمیں مرنے والوں کی آخری رسومات باوقار طریقے سے انجام دینے میں مصروف ہیں۔ منگلورو میں دو چار دن قبل میت کی تدفین کا جو ویڈیو وائرل ہوا ہے اس کی ستائش ہرطبقے کی جانب سے کی جارہی ہے۔ سب سے بڑ ھ کر الیکٹرانک میڈیا نے اسے سراہتے ہوئے اس پر خصوصی خبر بھی نشر کی ہے۔
پی ایف آئی کے ریاستی سیکریٹری کے اشرف نے بتایا کہ ریاست کے مختلف مقامات پر پی ایف آئی کی ٹیمیں اس کام کے لئے سرگرم ہوگئی ہیں۔ ان سب کو مہاراشٹرا کے ذمہ دار اشرف انکجال نے تدفین اور آخری رسومات کی خصوصی تر بیت دی ہے، جو کہ پی ایف آئی کی نیشنل کمیٹی کے رکن ہیں۔ جب کسی لاش کو ایمبولینس میں اسپتال سے باہر نکالاجاتا ہے تو پی ایف آئی کی تربیت یافتہ ٹیم اس کے پیچھے قبرستان تک یاشمشان گھاٹ تک جاتی ہے اور مرنے والے کے مذہب کے مطابق آخری رسومات ادا کردی جاتی ہیں۔
منگلورو میں مسلمانوں کی لاشوں کوپہلے زینت بخش مسجد سے متصل قبرستان میں دفنانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا مگر بارش کی وجہ سے یہاں پر بہت زیادہ گہرا گڈھا کھودنا ممکن نہ ہونے کی وجہ سے دوسرے قبرستان میں میت لے جاتے ہیں۔ وہاں پر حکومت کے تمام پروٹوکول کی رعایت کرتے ہوئے پرسنل پروٹیکشن کٹ کے ساتھ پی ایف آئی کے نوجوان میت کو غسل دینے کے بجائے تیمم کرکے نمازہ جناز ہ اداکرتے ہیں۔ پھر ایک بہت ہی بڑے اور لمبے سفید کپڑے میں میت کو رکھ کر پورے اطمینان اور احترام کے ساتھ قبر میں اُتارتے ہیں۔ اگر میت کسی غیر مسلم کی ہوتو بولار کے بجلی سے چلنے والی چتا والے شمشا ن میں لے جاکر سرکاری افسران کی موجودگی میں لاش کو جلانے کاکام بھی یہی نوجوان انجام دیتے ہیں۔جنوبی کینرا میں جو ٹیم سرگرم ہے اس کے نوجوانوں کو ضلع انتظامیہ کی نگرانی میں وینلاک اسپتال میں امراض جلد کے ماہر ڈاکٹر نوین کمار نے تربیت دی ہے۔اب تک اس ٹیم نے ضلع میں 8 لاشوں کی آخری رسومات ادا کی ہیں۔ریاست کے 20اضلاع میں 80 ٹیمیں ترتیب دی گئی ہیں۔کسی بھی جگہ پر کورونا سے فوت ہونے والے شخص کی لاش کی آخری رسومات انجام دینے کا مسئلہ پیدا ہوجائے تو پھر ایک فون کال پر ہی پی ایف آئی کورونا واریئررس کی ٹیم اپنی خدمات پیش کرنے کے لئے حاضر ہوجاتی ہے۔پورے ملک میں پی آئی ایف کی ٹیموں نے اب تک 350 سے زیادہ لاشوں کی آخری رسومات انجام دی ہیں جس میں سب سے زیادہ معاملے مہاراشٹر ا کے ہیں۔ اور یہ سلسلہ جاری ہے۔