کمٹہ یکم جنوری (ایس او نیوز) ضلع اُترکنڑا کے کمٹہ تعلقہ کے منکی میدان کے قریب نیشنل ہائی وے 66 پر تیز رفتار بس اور لاری کے درمیان ہوئے تصادم میں بس پر سوار 30 سے زائد لوگ زخمی ہوگئے، جنہیں کمٹہ سرکاری اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
حادثہ منگل شام کو اُس وقت پیش آیاجب پڑوسی ضلع شموگہ کے ساگر سے گوکرن کی طرف جانے والی سرکاری بس مخالف سمت سے آنے والی لاری سے تیز رفتاری کے ساتھ ٹکراگئی۔ لاری ہبلی سے مینگلور جارہی تھی۔
حادثے میں زخمی ہونے والوں میں لاری ڈرائیوربھی شامل ہے ، جس کاایک پیر بری طرح ٹوٹ گیا ہے، جبکہ ٹکر میں لاری اور بس کے اگلے حصے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
کمٹہ پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے، پولس مزید چھان بین کررہی ہے۔