کولکاتا 14 جنوری (ایس او نیوز) بیکانیر۔ گوہاٹی ایکسپریس کی بارہ بوگیاں پٹری سے اُترنے کے نتیجے میں پیش آئے حادثہ میں اب تک نو لوگوں کی موت واقع ہوگئی ہے جبکہ 40 مسافرزخمی ہوگئے ہیں۔
جمعرات کی شام تقریباً پانچ بجے شمالی بنگال کے جلپائی گوڑی ضلع کے میناگوڑی میں ڈومہنی کے قریب یہ ایکسپریس ٹرین پٹری سے اتر گئیں تھی،
حادثہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ، پولیس کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے، اور امدادی کام شروع کر دیا گیا۔ رات کا اندھیرا پھیلتے ہی جائے وقوع پرراحت ٹیموں کو کام کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ سلی گوڑی، جلپائی گوڑی، دھوپگوری سے فائر بریگیڈ کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے تھے۔ ساتھ ہی بی ایس ایف کے اہلکار بھی مسافروں کو اسپتال لے جاتے ہوئے دیکھے گئے۔
بتایا جا رہا ہے کہ حادثے کے وقت ٹرین کی رفتار 40 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔ ٹرین بیکانیر سے گوہاٹی جا رہی تھی۔ یہ واقعہ نارتھ ایسٹ فرنٹیر ریلوے کے علاقے میں پیش آیا۔ اس حادثے میں کئی بوگیاں ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں اور ایک دوسرے کے اوپر بھی چڑھ گئیں۔ اس کے علاوہ کئی بوگیاں الٹ گئی۔