خواتین کیخلاف بڑ ھتے جرائم کے درمیان، مظفرنگر سے تین لڑکیاں لاپتہ
مظفرنگر، نئی دہلی 7 دسمبر (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) یوپی میں لاء اینڈ آرڈر پر اٹھتے سوالات کے درمیان مظفر نگر ضلع سے تین لڑکیوں کی گمشدگی کی اطلاع مل رہی ہے۔پولیس کے مطابق 14 سالہ ایک بچی کے خاندان نے پرقاضی علاقے کے کاہی کیڑی گاؤں سے ایک نوجوان پر ان کی بیٹی کو اغوا کرنے کا الزام لگایا ہے، واضح ہو کہ بچی 14 نومبر سے لاپتہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے نوجوان کیخلاف شکایت درج کرلی ہے اور گمشدہ بچی کا پتہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔نتظامیہ کے بچی کا پتہ لگانے میں ابھی تک ناکام رہنے کے خلاف مشتعل خواتین نے جمعہ کو پرقاضی میں تھانے کے باہر مظاہرہ بھی کیا۔ بچی کا کوئی سراغ نہ ملنے پر اس کی ماں نے خود سوزی کی دھمکی بھی دی ہے۔وہیں مظفرنگر کے سول لائن علاقے میں ایک لڑکی چار دسمبر کو کالج گئی تھی اور اس کے بعد سے واپس نہیں لوٹ سکی۔پولیس نے بتایا کہ اسی دن سے لاپتہ ایک شخص کیخلاف اس سلسلے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ لڑکی کے اکاؤنٹ سے 75000 روپے نکالے گئے ہیں۔ضلع کے بہٹاسادات گاؤں میں پولیس نے لڑکی کو اغوا کرنے کے معاملہ میں ایک شخص کیخلاف مقدمہ درج کیا ہے۔تھانہ انچارج وجے بہادر سنگھ کے مطابق لڑکی کے خاندان نے اغوا کا مقدمہ درج کرایا ہے۔دریں اثنا پولیس نے رام لیلا ٹیلا علاقہ میں 23 سالہ ایک شخص کو شادی کرنے کا جھانسہ دے کر لڑکی سے عصمت دری کے معاملے میں گرفتار کیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ لڑکی نے جمعہ کو اس سلسلے میں شکایت درج کرائی تھی۔ لڑکی کے مطابق مذکورہ شخص نے اس سے شادی کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن اس سے جسمانی تعلقات بنانے کے بعد وہ اپنے قول سے منحرف ہوگیا۔پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ معاملے کی جانچ جاری ہے۔