نئی دہلی7/مئی (یو این آئی) بیرون ملک پھنسے ہندوستانیوں کو واپس لانے کے لئے جمعرات سے شروع ہورہے مشن کے پہلے دن دس پروازوں میں تقریباً 2300مسافر کی وطن واپسی ہوگی شہری ہوابازی کی وزارت سے موصولہ اطلاع کے مطابق7مئی کو سرکاری طیارہ خدمات فراہم کرانے والی کمپنی ایئر انڈیا سات اور اس کی معاون کمپنی ایئر انڈیا ایکسپریس تین پروازیں چلائے گی- ان میں تقریباً2300لوگوں کو لائے جانے کا منصوبہ ہے - بورڈنگ سے پہلے ہر مسافرکی اسکریننگ کی جائے گی اور جن میں کووڈ-19کی علامات ہوں گی انہیں ٹکٹ ہونے کے باوجود طیارہ میں سوار ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی-
متحدہ عرب امارات کی ابو ظہبی سے ایک پرواز کوچی کے لئے اور دوبئی سے ایک پرواز کوزی کوڈ کے لئے روانہ ہوگی- دونوں میں 200-200مسافروں کو لایا جائے گا یہ ایئر انڈیا ایکسپریس کی پروازیں ہوں گی- ایئر انڈیا ایکسپریس کی تیسری پروا ز قطر کے دوحہ سے کوچی کے لئے ہوگی جس میں 200لوگوں کو وطن واپس لایا جائے گا-
ایئر انڈیا سعودی عرب کے ریاض سے کوزی کووڈ(200مسافر)، برطانیہ کے لندن سے ممبئی (250 مسافر)، سنگاپور سے ممبئی (250مسافر)، ملائیشیا کے کوالالمپور سے دہلی(250 مسافر)، امریکہ کے سان فرانسسکو سے ممبئی ہوتے ہوئے حیدر آباد (300مسافر)، فلپائن کے منیلا سے احمد آباد(250مسافر) اور بنگلہ دیش کے ڈھاکہ سے سری نگر کیلئے (200مسافر)، ایک ایک طیارہ چلائے گی-
بیرون ملک سے ہندوستانیوں کو لانے کے حکومت کے فیصلے کے بعد شہری ہوابازی کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے منگل کو بتایا کہ پہلے ایک ہفتہ میں 7مئی سے13کے درمیان 64/اسپیشل فلائٹوں میں 12ممالک سے14,800ہندوستانیوں کو وطن لانے کا منصوبہ ہے -انہوں نے کہاکہ ان مسافروں کو کرایہ خرچ خود برداشت کرنا ہوگا- کرایہ وزارت کی طرف سے طے کیا گیا ہے - امریکہ سے ہندوستان کا کرایہ ایک لاکھ روپے اور برطانیہ سے 50ہزار روپے رکھا گیا ہے -