ناسک کے میونسپل اسپتال میں قیامت ِصغریٰ کا منظر، 24؍مریض فوت، آکسیجن کے حادثاتی رساؤ سے سپلائی متاثر

Source: S.O. News Service | Published on 22nd April 2021, 10:48 AM | ملکی خبریں |

ناسک ، 22؍ اپریل( ایس او نیوز؍ایجنسی)  کورونا کی  وبا کے  دور میں جن مریضوں کو اسپتال میں  جگہ  اور وینٹی لیٹر مل جائے انہیں خوش قسمت تصور کیا جا تا  ہے مگر ناسک کے میونسپل اسپتال     میں حادثاتی طور پر آکسیجن سپلائی متاثر ہوجانے کی وجہ سے24؍ مریضوں  نے اُن ہی وینٹی لیٹرس پر دم توڑ دیا جن پر انہیں جان بچانے کیلئے رکھا گیا تھا۔ ڈاکٹر ذاکر حسین اسپتال میں پیش آنے والے اس حادثہ نے قیامت صغریٰ کا منظر بپا کردیا۔ آکسیجن کے ٹینک میں   لیکیج کی وجہ سے پیش آنے والے اس حادثے میں  24؍ مریض جاں بحق ہوئے ہیں جن میں11؍ خواتین ہیں۔  

کچھ مریضوں کی طبیعت ٹھیک ہورہی تھی مگر:  آکسیجن سپلائی متاثر ہونے کی وجہ سے اپنے چہیتوں کو کھودینے والوں کا اسپتال میں برا حال تھا۔ نہ ان کے آنسو رک رہے تھے نہ غصہ تھم رہا تھا۔ مریضوں کے رشتہ داروں  نے بتایا کہ جو مریض حادثے میں فوت ہوئے ہیں ان میں  سے کچھ کی حالت میں سدھار آرہاتھا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایک طرف جہاں   رشتہ دار آئی سی یو کی طرف دوڑے تو وہیں  دوسری جانب آئی سی یو میں موجود طی عملہ بھی وینٹی لیٹر پر تڑپتے ہوئے  مریضوں کو دیکھ کرحواس باختہ تھا اوراسے سجھائی نہیں  دے رہاتھا کہ ان کی جان کیسے بچائے۔ 

’’میرے بھائی کو چھٹی ملنے والی تھی‘‘:  42؍ سالہ پرمود والوکر کےبھائی کا رورو کر برا حال ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ’’میرے بھائی کو آئندہ دو دنوں  میں  ڈسچارج کیا جانے والاتھا۔ اس کی طبیعت اچھی ہورہی تھی۔ آج جب میں کھانا لایا تو اس نے کہا کہ میں بعد میں کھاؤں گا۔اس کے فوراً بعد آکسیجن کا مسئلہ ہوگیا اور ۲؍ گھنٹوں میں میرا بھائی ختم ہوگیا۔ ‘‘

حادثہ کیسے پیش آیا:  ناسک میونسپل کارپوریشن کے زیر انصرام جاری ڈاکٹر ذاکر حسین اسپتال  (کووڈ سینٹر)میں 150؍ مریض زیر علاج تھے۔ ان مریضوں میں ایسے بھی شامل ہیں جنہیں آکسیجن کی شدید ضرورت کے پیش نظر وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا۔مریضوں کو بر وقت  آکسیجن فراہمی کے مقصد سے انتظامیہ نے آکسیجن ٹینک میں آکسیجن بھرنے کا مرحلہ شروع کیا تھا ۔عینی شاہدین جن  میں اسپتال کے عملہ کے افراد بھی  شامل ہیں ،نے بتایا کہ ’’ٹینک میں آکسیجن بھرنے کیلئے پائپ لائن جوڑی گئی تھی کہ اچانک  جوڑ اُکھڑ گیا اور   پائپ میں سوراخ ہوجانے کے سبب آکسیجن لیک ہونے لگی۔ اس کی وجہ سے مریضوں کو آکسیجن کی سپلائی متاثر ہوگئی جبکہ آکسیجن  کے لیکیج کی وجہ سے  اسپتال میں کہرے جیسی سفید چادر  بچھ گئی تھی   حالات ناگفتہ بہ ہوگئے تھے ۔

23؍ مریض وینٹی لیٹر پر تھے:   جس وقت حادثہ پیش آیا، ذاکر حسین اسپتال میں کورونا کے  150؍ مریض زیر علاج تھے جن میں سے 23؍ وینٹی لیٹر پر تھے۔ بقیہ مریضوں کو بھی سانس لینے میں تکلیف تھی اس لئے انہیں آکسیجن دیا جارہاتھا۔اسپتال میں ہی13؍ کلولیٹر کا آکسیجن  کا ٹینک نصب ہے۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ ’’تقریباً 10؍ بجے آکسیجن کے ٹینک کا ساکیٹ ٹوٹ گیا اور لیکیج شروع ہوا۔ اسپتال کے عملے کو جیسے ہی اس کا علم ہوا انہوںنےجمبو  سلنڈر  کے  ذریعہ مریضوں کو آکسیجن کی فراہمی جاری رکھنے  کی کوشش کی اور فوری طور پر مریضوں کو دیگر اسپتالوں میں منتقل کرنے کا سلسلہ شروع  ہوا مگرتمام ترکوششوں کے باوجود  24؍ مریضوں کو بچایا نہیں  جاسکا۔ 

رکشہ اور نجی گاڑیوں میں مریضوں کو منتقل کیاگیا:  ذاکر حسین اسپتال میں رونما واقعے کی اطلاع جنگل کی آگ کی طرح پھیلی ۔ مریضوں کے لواحقین اسپتال کی طرف دوڑ پڑے ۔قیامت صغریٰ کا منظر تھا۔   اپنے عزیزوں کی خبرگیری کیلئے جمع ہونے والوں کو قابو میں کرنا دشوار تھا۔مقامی صحافی تبریز شیخ کے مطابق ناسک میں ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے۔ فوت ہونے والوں کے اعزہ کی آہ وزاری سے ماحول اور زیادہ درد ناک ہوگیا جبکہ دوسرے مریضوں کے اہل خانہ جلد ازجلد یہاں سے کسی اور اسپتال میں منتقلی کی کارروائی کیلئے مصروف تھے ۔ نفسی نفسی کے اِس عالم میں بچ جانے والے مریضوں کو ایمبولینس کی بجائے رکشہ اور دوسری  نجی سواریوں کے ذر یعہ  دیگر اسپتالوں  میں  منتقل کیاگیا۔ 

ٹھیکیدار کے ذریعہ ٹینک نصب کروایاگیاتھا:   باوثوق ذرائع سے موصولہ تفصیلات کے مطابق ناسک میونسپل کارپوریشن نے ذاکر حسین اسپتال (کووڈ سینٹر)پر ٹھیکیدار کے ذریعے آکسیجن ٹینک نصب کروایا تھا۔15؍ سے 20؍دنوں قبل 10؍ کے ایل استطاعت رکھنے والے آکسیجن ٹینک کو ذاکر حسین اسپتال میں اِس لئے لگوایا گیاتھاتاکہ بوقت ضرورت مریضوں کو فوری طور سے آکسیجن فراہم کی جاسکے۔ میونسپل کمشنر کیلاش جادھو نے  بتایا کہ ’’آکسیجن لیک ہونے کا معاملہ سنگین ہے ۔ شہری انتظامیہ فی الحال راحت کاری کے کاموں  میں پوری طرح مصروف ہے۔ذاکر حسین اسپتال میں ڈسٹرکٹ سول اسپتال سے آکسیجن کے 15؍ جمبو سیلنڈر دیئے  گئے ہیں تاکہ مریضوں کی فوری طور سے جان بچائی جا سکے ۔

 انہوں نے بتایا کہ اب لیکیج پر قابو پالیا گیا ہے اور اسپتال میں زیر علاج مریضوں کیلئے آکسیجن کی سپلائی بحال کردی گئی ہے۔حالات معمول پر آرہے ہیں۔ 

ایک نظر اس پر بھی

صحافی سومیا وشواناتھن کے قاتلوں کی ضمانت پر سپریم کورٹ کا نوٹس

سپریم کورٹ صحافی سومیا وشواناتھن قتل کیس میں 4 ملزمین کو ضمانت دینے کی جانچ کے لیے تیار ہے۔ عدالت نے چاروں قصورواروں اور دہلی پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے چار ہفتوں کے اندر جواب طلب کیا ہے۔ عدالت ایک عرضی پر سماعت کر رہی تھی جس میں دہلی ہائی کورٹ کی سزا کو معطل کرنے اور 4 ...

کیجریوال کے لیے جیل ٹارچر چیمبر بن گئی، نگرانی کی جا رہی ہے: سنجے سنگھ

عام آدمی پارٹی نے منگل کو الزام لگاتے ہوئے کہا کہ جیل میں بند کیجریوال کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا لنک ڈھونڈ کر دیکھا جا رہا ہے اور ان کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا ایم پی سنجے سنگھ نے کہا کہ کیجریوال کے خلاف سازش ہو رہی ہے۔ کیجریوال کے ساتھ تہاڑ جیل میں کسی بھی ...

ہیمنت سورین کو راحت نہیں ملی، ای ڈی نے ضمانت عرضی پر جواب دینے کے لیے عدالت سے وقت مانگا

 زمین گھوٹالے میں جیل میں قید جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی طرف سے دائر ضمانت کی عرضی پر جواب دینے کے لیے ای ڈی نے ایک بار پھر عدالت سے اپنا موقف پیش کرنے اور وقت مانگا ہے۔ جیسے ہی سورین کی درخواست پر منگل کو پی ایم ایل اے کی خصوصی عدالت میں سماعت شروع ہوئی، ای ڈی نے ...

کجریوال کو ضمانت کی درخواست 75 ہزار جرمانہ کے ساتھ خارج

دہلی ہائی کورٹ نے پیر کے دن قانون کے ایک طالب ِ علم کی درخواست ِ مفادِ عامہ (پی آئی ایل) 75 ہزار روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے خارج کردی جس میں چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کو ”غیرمعمولی عبوری ضمانت“ دینے کی گزارش کی گئی تھی۔

یوپی-بہار میں شدید گرمی کی لہر کی پیش گوئی، کئی ریاستوں میں بارش کا الرٹ

راہملک کی شمالی ریاستوں میں درجہ حرارت ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھ رہا ہے۔ بڑھتی ہوئی گرمی کے باعث لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ تاہم کچھ ریاستوں میں بارش بھی ہو رہی ہے۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے کہا ہے کہ ہمالیائی مغربی بنگال، بہار، اوڈیشہ، آسام، مغربی ...