ٹریفک قوانین کا سختی کے ساتھ نفاذ۔اپریل سے جون تک منسوخ کیے گئے219ڈرائیونگ لائسنس
کاروار،30؍جولائی (ایس او نیوز) پولیس اور آر ٹی او نے مشترکہ طور پر ٹریفک قوانین کو سختی کے ساتھ لاگو کرنے کی جو مہم چلائی ہے اس کے تحت کاروار۔انکولہ علاقے میں اپریل اور جون مہینے کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر جملہ219ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کیے جانے کی رپورٹ موصول ہوئی ہے۔
آج کل عام طور پریہ دیکھا جا رہا ہے کہ نوجوان اور طلبہ زیادہ سی سی والے موٹر بائک نہ صرف انتہائی تیزرفتاری اور بے پروائی سے دوڑاتے ہیں بلکہ دوسرے افراد کی جان کے لئے خطرہ بن جاتے ہیں۔ایسے نوجوانوں کو قابو میں رکھنے اور حادثات میں ہورہے اضافے کو روکنے کے لئے محکمہ نقل وحمل نے قوانین کو سختی کے ساتھ لاگو کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔اس پر عمل درآمد کرتے ہوئے ضلع بھر میں پولیس نے ٹریفک قوانین کے نفاذ کی مہم چلارکھی ہے جس کے بعد کاروار میں واقع آر ٹی اودفتر میں لائسنس منسوخ کرنے کی سفارشات کا ڈھیر لگ گیا ہے۔
بے پروائی سے ڈرائیونگ کرنا، موبائل پر بات چیت کرتے ہوئے گاڑیاں چلانا،حد سے زیادہ تیز رفتاری سے گاڑی چلانا، مقررہ تعدادسے زیادہ طلبہ کو رکشہ میں بھرکر لے جانا اور مال بردار ٹیمپو کو لوگوں کی سواری کے لئے استعمال کرنا جیسے جرائم پر پولیس کارروائی کررہی ہے۔مختلف علاقوں میں تعینات پولیس والے پہلی بار اس طرح کے جرائم پر جرمانہ وصول کرکے تنبیہ کے بعد چھوڑ دیتے ہیں۔ جب دوبارہ اسی ڈرائیور سے اس قسم کی خلاف ورزی کا معاملہ سامنے آتا ہے تو پھر لائسنس رد کرنے کی سفارش آر ٹی او کو بھیج دی جاتی ہے۔
ان دنوں موٹر بائک چلانے والوں میں سائلینسر میں تبدیلی کرتے ہوئے کان کے پردے پھاڑدینے والی آواز کے ساتھ دوسروں کو پریشانی میں مبتلا کرنے کا رجحان عام ہوگیا ہے۔ پولیس نے بلیٹ اور دیگر گاڑیوں کے سائلینسروں میں تبدیلی کرکے اس طرح کا شور برپا کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کا آغاز کیا ہے۔