شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں آتشزدگی، کم سے کم 20 دکانیں خاکستر
سری نگر،8؍مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے رفیع آباد علاقے میں آگ کی ایک شبانہ واردات میں کم سے کم بیس دکانیں خاکستر ہوگئیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع بارہمولہ میں رفیع آباد کے وترگام علاقے میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب ایک دومنزلہ شاپنگ کمپلیکس کی ایک دکان سے آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے چشم زدن میں دیگر متصل دکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
انہوں نے بتایا کہ فائر ٹنڈرس کے جائے واردات پر پہنچنے سے قبل کم سے کم بیس دکانیں راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کمپلیکس کو کافی نقصان پہنچا ہے او دکانوں میں موجود کروڑوں روپیے کی مالیت کا ساز و سامان ختم ہوگیا ہے۔ دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے اور آگ لگنے کی وجوہات کو بھی معلوم کیا جا رہا ہے۔