دہلی - جے پور ہائی وے پر مزدوروں سے بھری بس میں لگ گئی آگ؛ ایک بچی اور خاتون کی موت؛ 15 سے زائد شدید جھلس کر زخمی
گروگرام 8/نومبر(ایس او نیوز) ہریانہ کے قریب گروگرام ایکسپریس وے پر ایک تیز رفتار دوڑتی بس پر اچانک آگ لگ جانے سے بس پر سوار دو مسافروں کی شدید طور پر جھلس کر موت واقع یوگئی جبکہ 15 سے زائد شدید جھلس کر زخمی ہوئے ہیں۔حادثہ بدھ کی شب قریب آٹھ بجے پیش آیا۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق آگ لگنے کی یہ واردات گروگرام ضلع میں دہلی-جے پور ہائی وے پر ایک سلیپر بس کے ساتھ پیش آئی۔ رپورٹوں کے مطابق زخمیوں کو گروگرام کے سول اور میڈانتا اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ بس میں 35 مسافر سوار تھے۔ رات دیر گئے بس میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ مزدوروں سے بھری یہ بس اتر پردیش کے گروگرام کے سیکٹر 12 سے ہمیر پور جا رہی تھی۔ آگ کے شعلے اتنے شدید تھے کہ بس مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئی۔ پتہ چلا ہے کہ مرنے والوں میں ایک چھوٹی بچی تھی جبکہ ایک خاتون بھی موت کا شکار ہوئی۔
15 سے زائد جھلسے مسافروں میں تین لوگوں کو صفدر گنج اسپتال ریفر کیا گیا ہے۔ چھ افراد کا سول اسپتال اور پانچ کا میڈانتا اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔
پولیس کے مطابق رات آٹھ بجے گروگرام کے سیکٹر 12 سے مزدوروں سے بھری اروناچل پردیش نمبر پلیٹ والی بس ہمیر پور جا رہی تھی۔ دہلی گروگرام ایکسپریس وے پر گوگل آفس کے سامنے بس میں آگ لگنے کی واردات پیش آئی۔ ابتدائی چھان بین سے پتہ چلا ہے کہ بس میں کچھ گیس سلنڈر رکھے گئے تھے۔ شبہ ہے کہ اسی کی وجہ سے آگ لگی ہوگی۔
حادثے کے فوری بعد موقع پر بڑی تعداد میں پولیس فورس پہنچ گئی۔ پولس کمشنر وکاس اروڑہ اور ڈی سی نشانت کمار یادو بھی دیگر پولیس افسران کے ساتھ پہنچے۔ ایف ایس ایل کی ٹیم نے بس کے اندر کا جائیزہ لیا۔
پولیس کمشنر وکاس اروڑہ نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ فی الحال دو لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ کچھ لوگوں کو صفدر گنج بھیجا گیا ہے۔ دیگر سول اسپتال اور میڈانتا میں زیر علاج ہیں۔ آگ لگنے کی وجہ تلاش کی جا رہی ہے۔ جبکہ بس پر آگ لگنے کے بعد بس کے دونوں ڈرائیور بس کو کنارے لگا کر فرار ہوگئے۔