پہلے ون ڈے میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 61رنز سے ہرا دیا
ویلنگٹن ،6؍جنوری (ایجنسی)نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 61 رنز سے جیت لیا۔ویلنگٹن میں کھیلے جانے والے پہلے ون ڈے میچ میں 31ویں اوور کے دوران بارش کی وجہ سے پاکستان کی اننگ کا کھیل جب روکا گیا تو پاکستان کا اسکور 6 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز تھا۔ اوپنر فخر زمان 82 اور فہیم اشرف 17رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔اس سے قبل پاکستان کو ویلنگٹن میں کھیلے جانے والے پہلے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے 316رنز کا ہدف دیا گیا جس کے تعاقب میں پاکستان اننگ کے آغاز سے ہی مشکلات کا شکار رہا۔پاکستان کی بیٹنگ شروع ہوئی تو صرف 6 رنز پر ٹم ساؤتھی نے اظہر علی کو آؤٹ کردیا جس کے بعد 7 رنز پر ٹم ساؤتھی نے بابر اعظم کو بھی پویلین کی راہ دکھا دی۔ٹرینٹ بولٹ نے نئے آنے والے بیٹسمین محمد حفیظ کو بھی جلد آوٹ کر دیا۔ پاکستان کی چوتھی وکٹ 37رنز پر اس وقت گری جب شعیب ملک 13رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔اس موقع پر فخر زمان نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور ان کا ساتھ دینے کے لیے کپتان سرفراز احمد آئے تاہم وہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکے اور 8رن بنا کر واپس لوٹ گئے۔ اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 57 رنز تھا اور آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔132رنز کے مجموعی اسکور پر شاداب خان کیوی بالرز کے سامنے تھوڑی بہت مزاحمت کرکے پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 28 رنز بنائے۔دوسری جانب اوپنر فخر زمان کیوی بالرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیااور 82 ناٹ آوٹ کے انفرادی اسکور تک انہوں نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا۔اس سے قبل نیوزی لینڈ کی اننگ میں کپتان ویلیم سن نے سنچری اسکور کی جبکہ پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 3شکار کیے۔میچ میں ٹاس پاکستان نے جیتا اور میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دے دی، تو کیوی اوپنر ز نے ٹیم کو 83رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا ،جہاں کولن منرو نے برق رفتار 58رنز بنائے ،تو ادھر مارٹن کپٹل نے بھی 48رنز اسکور کیے۔کیوی اننگز کی خاص بات کپتان ویلمسن کی 115رنز کی اننگ تھی ، جنہوں نے گرین شرٹس کے خلاف اچھے ہدف کی بنیاد رکھی جبکہ ہینری نکلز نے 50اسکور کر کے ان کا بھرپور ساتھ نبھایا۔ادھر پاکستان کے بولرز کی جانب سے حسن علی نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد عامر، رومان رئیس، فہیم اشرف اور فخر زمان کیحصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔