آج یواے ای سے 177افراد پر مشتمل پہلا قافلہ پہنچ رہا ہے منگلورو ایئر پورٹ، گلف سے آنے والوں کے لئے بھٹکل تنظیم نے جاری کی اپیل
بھٹکل 12/مئی (ایس او نیوز) یو اے ای میں رہنے والے غیر رہائشی ہندوستانیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیاہے۔اور کرناٹکا کے 177 شہریوں پر مشتمل پہلا قافلہ آج 12مئی کی رات میں دس بجے ایئر انڈیا طیارے کے ذریعے منگلورو انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر اترنے والا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ وطن واپس لوٹنے والے مسافروں کو لینے کے لئے ایک خالی طیارہ آج دوپہر میں دبئی کے لئے روانہ ہوگا۔مسافروں کے منگلورو پہنچنے پر ایئر پورٹ پر ہی ان کاطبی معائنہ کیا جائے گاجس کے بعد مسافروں کو a اور b دو زمروں میں تقسیم کرکے ضلع انتظامیہ کی طرف سے مقررہ کوارنٹین مراکز میں بھیجا جائے گا۔مسافروں کے طبی معائنے، پاس کی تقسیم، مسافروں کو اپنی پسند کے ہوٹل بک کروانے وغیرہ کے انتظامات کے لئے افسران کی مختلف ٹیمیں بنائی گئی ہیں۔
ضلع انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایک بارطیارے میں مسافروں کے سوار ہونے کے بعد ہی پتہ چلے گاکہ ان میں کتنی عورتیں، کتنے بچے اور کتنے مرد موجود ہیں۔
وطن واپس لوٹنے والے مسافروں کے تمام انتظامات کی نگرانی کے لئے پروبیشنری آئی اے ایس آفیسرراہل شندے کو تعینات کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مسافروں کو بیماری کی علامات ہونے یا نہ ہونے والے دو زمروں میں تقسیم کرکے علامات والے مسافروں کو 14دن تک کوارنٹین کرنے کے لئے براہ راست وینلاک ہاسپٹل میں روانہ کیا جائے گا۔ اور جن کے اندر کوئی علامات موجود نہیں ہونگے ان کو ضلع انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ ہوٹلوں میں ہی کوارنٹین میں رہنا ہوگا۔ایئر پورٹ پر مسافروں کے رشتے داروں کو ایئر پورٹ پر آنے اور مسافروں سے ملاقات کرنے کی اجازت نہیں رہے گی۔ احتیاطی اقدام کے طور پر ایئر پورٹ کے احاطے میں عام لوگوں کے داخلے پر پابندی لگادی گئی ہے۔اس کے علاو ہ کوارنٹین مراکز میں عوام کے آنے جانے پر پابندی رہے گی۔
قیام کے لئے جو ہوٹل اور ہاسٹل ضلع انتظامیہ نے بک کیے ہیں اس کا کرایہ 1000روپے سے 4500روپے روزانہ طے کیا گیا ہے۔اور ایئر پورٹ پر ہی مسافروں کو اپنی پسند اور بجٹ کا ہوٹل منتخب کرکے بکنگ کرنا ہوگا جس کے بعد انہیں افسران کی نگرانی میں ہی ہوٹل پہنچادیا جائے گا۔جبکہ مسافروں کے لئے موجودہ حالات میں اتنے بھاری کرایے کے ساتھ دو ہفتے تک کوارنٹین میں رہنا ایک مشکل مسئلہ ہونے کی بات بھی سننے میں آرہی ہے۔
بھٹکل کے کتنے مسافر ہیں؟: حالانکہ آج کی فلائٹ میں بھٹکل سے تعلق رکھنے والے کتنے مسافر موجود ہیں ابھی کسی بھی ذریعے سے اس کی جانکاری نہیں ملی ہے کیونکہ اس پہلی فلائٹ سے نکلنے والے مسافروں کی تفصیل کل تک سفارتخانے سے جاری نہیں کی گئی تھی۔ کہاجاتا ہے کہ معمر حضرات، حاملہ خواتین اور چھٹیوں پر آئے ہوئے افراد کو ترجیحی بنیاد پر روانہ کیا جارہا ہے اور کون سفر کرنے والاہے ا س کے بارے میں جانکاری چند گھنٹے قبل ہی متعلقہ مسافر کو دی جانے والی ہے۔ اگر بھٹکل کا کوئی مسافر اس فلائٹ میں ہوگا تو شام تک اس کی معلومات ملنے کی توقع ہے۔
بھٹکل کے مسافروں کے لئے تنظیم کی اپیل: اس دوران مجلس اصلاح و تنظیم کی طرف سے گلف سے آنے والے تمام مسافروں کے نام ایک اعلان جاری کیا ہے کہ ا ن لوگوں کو یہاں پہنچتے ہی ہر حال میں کوارنٹین کیا جائے گا۔اور ضلع انتظامیہ نے اس میں کوئی بھی رعایت نہ دینے کی بات سختی کے ساتھ کہی ہے۔ ان تمام مسافروں کو بھٹکل کو چھوڑ کر منگلورو، مرڈیشور یا کمٹہ جہاں کہیں بھی ضلع انتظامیہ مناسب سمجھے گی وہاں پر ہی مسافروں کے اپنے خرچ پر کوارنٹین کیا جائے گا۔اور بھٹکل کنٹیمنٹ زون ہونے کی وجہ سے یہاں پر کسی کو بھی کسی بھی حالت میں رکھا نہیں جائے گا۔
لہٰذا تنظیم کی طرف سے اپیل کی گئی ہے کہ بھٹکل و اطراف کے جن حضرات نے وطن لوٹنے کا منصوبہ بنایا ہے وہ لوگ تمام حالات کا پوری طرح جائزہ لینے کے بعد خود ہی فیصلہ کریں اور پوری طرح اطمینان رہنے کی صورت میں ہی سفر کریں۔