دہلی: نریلا میں زیرتعمیرعمارت کی 13 ویں منزل سے لفٹ گری، 12 مزدور زخمی
نئی دہلی،05 /ستمبر(ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) بیرونی دہلی کے نریلا میں آلووالیا کنٹرکشن کمپنی میں لفٹ گر گئی جس سے 12 مزدور زخمی ہو گئے۔ان میں سے ایک مزدور کی حالت نازک ہے۔تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔اس واقعہ سے مشتعل لوگوں نے زیر تعمیر عمارت کے کئی فلیٹوں میں توڑ پھوڑ کی۔لفٹ 13 وی منزل سے نیچے گری۔حادثے کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی ہے۔اس کثیر المنزلہ عمارت کی تعمیر میں لگے مزدوروں کو کوئی تحفظ آلات نہیں دیا گیا تھا۔ زخمیوں کو نریلا کے راجہ ہریش چندر اسپتال پہنچایا گیا۔مزدوروں نے الزام لگایا کہ سیفٹی آلات نہیں دیے جاتے اور کئی بار حادثے ہو جاتے ہیں۔یہ کمپنی ڈی ڈی اے کے فلیٹ بنا رہی ہے۔دہلی کی منسادیوی روڈ پر زیر تعمیر تعمیراتی سائٹ پر میٹریال اوپر سے لے جانے والی لفٹ کا تار ٹوٹنے کی وجہ سے کافی اوپر سے گری۔ اس سے 12 مزدور نیچے گر گئے۔ان میں سے کئی مزدوروں کو کافی چوٹیں آئی ہیں۔واقعہ کے بعد مزدوروں نے تعمیراتی مقام پر احتجاج کیا مزدوروں کا الزام ہے کہ سیفٹی کے لحاظ سے کسی بھی طرح کا بندوبست نہیں ہوتا نہ ہی انہیں تحفظ آلات دیے جاتے ہیں۔جوتے اور گلبس بھی نہیں ملتے ہیں اور اکثر حادثے ہوتے رہتے ہیں۔فی الحال نریلا تھانہ پولیس پورے معاملے کی جانچ میں مصروف ہے اور زخمیوں کا علاج جاری ہے۔کثیر المنزلہ تعمیراتی سائٹس پر کام کرنے والے مزدوروں کو بھی سیفٹی کے آلات نہیں دئیے جاتے، یہ اپنے آپ میں کئی بڑے سوال کھڑے کرتا ہے۔