بھٹکل میں بجلی سربراہی کے مسائل حل ہونے کی امید۔ 110کے وی اسٹیشن جلد ہی تعمیر ہونے کے آثار

Source: S.O. News Service | Published on 16th September 2020, 11:08 AM | ساحلی خبریں |

بھٹکل،16؍ستمبر (ایس او نیوز) بھٹکل میں بڑی مدت سے چلے آرہے بجلی سربراہی سے متعلق مسائل اب حل ہونے کے آثار نظر آ رہے ہیں کیونکہ 110کے وی بجلی فراہمی مرکز کی تعمیر کے سلسلے میں  کارروائی آگے بڑ ھ رہی اورتقریباً ایک دہائی سے سرد خانے میں پڑا ہوا یہ منصوبہ جلد ہی مکمل ہونے کی توقع  پیدا ہوگئی ہے۔ 

بھٹکل میں بجلی فراہمی میں بے قاعدگی اور بار بار رکاوٹ پیدا ہونے کی شکایت بہت ہی پرانی ہے۔ اس لئے عوام اور سماجی تنظیموں کے طرف سے بار بار یہ مطالبہ کیاجارہا تھا کہ  بجلی کی سربراہی کے لئےیہاں پر ایک  110 کے وی بجلی سپلائی مرکزقائم کیا جائے۔سال 2010میں سرکاری طور پر اس منصوبے کو منظوری مل گئی۔ پھر دوسری کارروائیوں کی رفتار کچھوے کی رفتار سے آگے بڑھی اور ایک عرصے بعد ساگر روڈ پر 110کے وی اسٹیشن کے لئے 2.5ایکڑ (ایک ہیکٹر) زمین الاٹ کی گئی۔  پھر اس کے بعد سرکاری افسران اور عوامی منتخب نمائندے اس سلسلے میں کوئی مؤثر کارروائی نہیں کرپائے اور عوام کے مسائل جوں کے توں رہ گئے اور 110کے وی بجلی فراہمی مرکز قائم کرنے کا منصوبہ ٹھنڈے بستے میں چلا گیا۔

بھٹکل کے لئے فی الحال بجلی کی سپلائی کمٹہ ، ہوناور اور مرڈیشورکے راستے سے جوگ اور کاروار کے کدرا پاور اسٹیشن سے کی جاتی ہے۔ حالانکہ مرڈیشور میں 33کے وی پاور سپلائی مرکز ہے لیکن جب بھی  جوگ ہوناور یا کمٹہ ہوناور کے راستے پر کوئی مشکل پیش آتی ہے تو بھٹکل کے لئے بجلی منقطع ہوجاتی ہے اور کبھی کبھی کچھ گھنٹوں سے لے کرپورے پورے دن یا رات بھر تک لوگوں کو بجلی کے بغیر گزاراکرنا پڑتا ہے۔یہ مسئلہ اکثر بارش کے موسم میں بہت ہی گمبھیر ہوجاتا ہے کیونکہ جوگ اور کاروار سے ہونار مرڈیشور تک بجلی فراہمی کی لائن گھنے جنگلوں سے ہوکر گزرتی ہے۔ طوفان اور موسلادھار برسات کی وجہ جنگلات کے اندر لائن خراب ہوجانے کی صور ت میں اس مقام تک پہنچ کر لائن درست کرنے میں کافی وقت لگ جاتا ہے۔  اور اس مسئلے کا ایک حل بھٹکل میں ہی 110کے وی اسٹیشن قائم کرناہے۔ 

حالانکہ پورے ضلع شمالی کینرا میں بھٹکل ایک ایسا مقام ہے جہاں بجلی کھپت اور ہیسکام کو آمدنی سب سے زیادہ مقدا ر میں ہوتی ہے۔لیکن بجلی سے متعلق یہاں کے عوام کو درپیش مسائل حل کرنے کی طرف سنجیدگی سے کسی نے بھی توجہ نہیں دی۔گزشتہ سال رکن اسمبلی سنیل نائک نے ہیسکام کے سینئر افسران کو طلب کرکے اس مسئلے اورسربراہی مرکز قائم کرنے کے منصوبے  کا پوری طرح جائزہ لیاتھا ، لیکن  ایک سال گزرنے کے بعد بھی بات وہیں کی وہیں رہ گئی تھی۔اب  پتہ چلا ہے کہ جب یہ مسئلہ ضلع انچارج وزیر شیورام ہیبار کے علم میں آیا ہے تو انہوں نے فوری طور پر تعمیری کام شروع کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ اس سے امید بندھ رہی ہے کہ جلد ہی بھٹکل کے عوام کو بجلی بے قاعدہ اور غیر اطمینان بخش سپلائی سے چھٹکا را مل جائے گا۔    

ایک نظر اس پر بھی

منگلورو سائی مندر کے پاس بی جے پی کی تشہیر - بھکتوں نے جتایا اعتراض

منگلورو کے اوروا میں چیلمبی سائی مندر کے پاس رام نومی کے موقع پر جب بی جے پی والوں نے پارلیمانی انتخاب کی تشہیر شروع کی تو وہاں پر موجود سیکڑوں بھکتوں نے اس کے خلاف آواز اٹھائی جس کے بعد بی جے پی اور کانگریسی کارکنان کے علاوہ عام بھکتوں کے درمیان زبانی جھڑپ ہوئی

اُڈپی - کنداپور نیشنل ہائی وے پر حادثہ - بائک سوار ہلاک

اڈپی - کنداپور نیشنل ہائی وے پر پیش آئی  بائک اور ٹرک کی ٹکر میں  بائک سوار کی موت واقع ہوگئی ۔     مہلوک شخص کی شناخت ہیرور کے رہائشی  کرشنا گانیگا  کی حیثیت سے کی گئی ہے جو کہ اُڈپی میونسپالٹی میں الیکٹریشین کے طور پر ملازم تھا ۔