بھٹکل چیک پوسٹ پر بغیر کسی دستاویزات کے قریب گیارہ کلو چاندی ضبط
بھٹکل 28 مارچ (ایس او نیوز) کرناٹک میں الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق لاگو ہونے سے پہلے ہی کرناٹک کی سرحدوں اور اضلاع کی سرحدوں کے چیک پوسٹ پر گاڑیوں کی چیکنگ کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے جس کے تحت بھٹکل سرپن کٹہ چیک پوسٹ پر ہونے والی گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران ایک کار پر سے قریب گیارہ کلو چاندی ضبط کئے جانے کی اطلاع ملی ہے۔
پولس نے بتایا کہ 10 کلو 820 گرام چاندی ایک کار سے برآمد کی گئی ہے جو بغیر کسی دستاویزات کے ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جائی جارہی تھی، اس تعلق سے پولس نے اُڈپی کے اندرلّی ریلوے اسٹیشن کے قریب کے رہائشی اُمیش جناردھن اچاریہ (39) اور اُڈپی کے کوکونجی امباگل کے رہائشی روی شینا اچاریہ (37) کو گرفتار کرلیا ہے۔ چاندی کی لاگت قریب ساڑھے سات لاکھ روپئے لگائی گئی ہے۔
بھٹکل ٹاون پولس تھانہ میں اس تعلق سے معاملہ درج کیا گیا ہے اور پی ایس آئی دیواکر رائی معاملے کی چھان بین کررہے ہیں۔